قوم کو اپنے بہادر سپوتوں پر فخر ہے، پاک افواج کی مادر وطن کے لیے قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا میجر شبیر شریف شہید کے یوم شہادت پر پیغام

128
Raja Pervez Ashraf
Raja Pervez Ashraf

اسلام آباد۔6دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے میجر شبیر شریف شہید(نشان حیدر) کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کو اپنے بہادر اور جری سپوتوں پر فخر ہے، پاک افواج کی مادر وطن کے لیے دی گئی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔

بدھ کو میجر شبیر شریف کے 52ویں یوم شہادت پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہم میجر شبیر شریف کو یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ،انہوں نے 1971 کی جنگ میں مادر وطن کے دفاع کےلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ میجر شبیر شریف شہید کی بہادری اور شجاعت پر انہیں ملک کے اعلیٰ ترین عسکری اعزاز (نشان حیدر) سے نوازا گیا،پوری قوم اس جرات و بہادری پر انہیں سلام پیش کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہدا کی قربانیوں کی بدولت آج ہم آزاد فضاوں میں سانس لے رہے ہیں،ان کی قربانیاں اتحاد ،اخوت اور بھائی چارے کا درس دیتی ہیں۔