اسلام آباد۔12نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور شہباز گل نے کہا ہے کہ قوم کپتان کی سربراہی میں چوروں لٹیروں کو اپنے انجام کی طرف جاتا دیکھ رہی ہے اور پاکستان عالمی دنیا میں اپنا کھویا ہوا مقام اور عظمت دوبارہ حاصل کرے گا۔ جمعرات کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی سب سے زیادہ زرمبادلہ کمانے والی ایکسپورٹ انڈسٹری کو 30 سال میں تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا گیا تھا، کپتان نے اسے ٹھیک کرنے کا بیڑہ اٹھایا اور دو سال قبل ٹیکسٹائل سیکٹر کی بحالی کیلئے اصلاحاتی پیکیج دیا، نتیجتاً ٹیکسٹائل انڈسٹری 100 فیصد استعداد پر آپریشنل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے یونٹ اپنی استعداد بڑھانے کیلئے توسیع کر رہے ہیں، سیکٹر کو اندازً 2 لاکھ مزدوروں کی کمی کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کپتان کی سربراہی میں قوم چوروں لٹیروں کو اپنے انجام کی طرف جاتا دیکھ رہی ہے اور پاکستان عالمی دنیا میں اپنا کھویا ہوا مقام اور عظمت دوبارہ حاصل کرے گا۔