قوموں کی ترقی میں تعلیم کلیدی کردار ادا کرتی ہے، ٹیکنالوجی کے میدان میں ترقی کر کے ہم بحیثیت قوم آگے بڑھ سکتے ہیں،گورنرپنجاب

555
Governor Punjab Muhammad Balighur Rehman
Governor Punjab

لاہور۔6جنوری (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ قوموں کی ترقی میں تعلیم کلیدی کردار ادا کرتی ہے، آج ٹیکنالوجی کا دور ہے، ٹیکنالوجی کے میدان میں ترقی کر کے ہم بحیثیت قوم آگے بڑھ سکتے ہیں، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ٹیکسلا ٹیکنالوجی کی تعلیم کے حصول میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ٹیکسلا کے اکیسویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ٹیکسلا میں بی ایس سی گریجویٹنگ ڈگری کے اکیسویں کانووکیشن کا انعقاد کیا گیا۔

گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے بحیثیت مہمان خصوصی کانووکیشن میں شرکت کی، سویڈش انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے 80 طلبا ایپ کام کے 76 طلبا اور ڈاکٹر اے کیو خان انسٹیٹیوٹ آف کمپیوٹر سائنسز اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے 35 طلبا کو اسناد دی گئیں۔گورنر پنجاب نے طلبا میں میڈلز اور اسناد تقسیم کیں۔ کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے کہا کہ کانووکیشن کی صدارت کرنا باعث افتخار ہے، یو ای ٹی ٹیکسلا اعلی تعلیم کے حصول کے حوالے سے منفرد اور اعلی مقام رکھتی ہے،آج کا دن طلبا کے ساتھ ان کے والدین کیلئے بھی اہمیت کا حامل ہے ، انسان کی کامیابی میں والدین اور اساتذہ کا تعمیری کردار ہوتا ہے،یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ٹیکسلا سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبا کو مبارک باد پیش کرتا ہوں،آج کے طلبا پاکستان کا مستقبل ہیں، قوموں کی ترقی میں تعلیم کلیدی کردار ادا کرتی ہے،

آج ٹیکنالوجی کا دور ہے، ٹیکنالوجی کے میدان میں ترقی کر کے ہم بحیثیت قوم آگے بڑھ سکتے ہیں۔ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ٹیکسلا ٹیکنالوجی کی تعلیم کے حصول میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، تعلیمی میدان میں تین دہائیوں سے یونیورسٹی اپنا عملی کردار ادا کر رہی ہے، ٹیکنالوجی کی تعلیم کے حصول کے لیے یونیورسٹی کی گراں قدر خدمات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کی جانب سے آن لائن کورسز کا اجرا مارچ میں کیا جا رہا ہے جو اعزاز کی بات ہے، آن لائن لرننگ سے دنیا مستفید ہو رہی ہے،

زندگی جہد مسلسل ہے، زندگی کے دو پہلو ہیں ، ایک روشن اور امید کا جبکہ دوسرا مایوسی کا ہے،ہمارا مذہب یہ سکھاتا ہے کہ مایوسی گناہ ہے، ہمیشہ مثبت سوچیں،امید آگے بڑھنے کا درس دیتی ہے،زندگی میں بہت چیلنجز آتے ہیں مگر یہ مشکلات سے لڑنے کا درس دیتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ریسرچ کے میدان میں یونیورسٹی کا کردار کلیدی ہے،تعلیم کے ساتھ تربیت ہمارا نصب العین ہونا چاہیے،نوجوان معاشرے کا چہرہ ہیں،کردار ہی دنیا اور آخرت میں کامیابی کی ضمانت ہے،فنی تعلیم اور سکلز کے ساتھ مثبت سوچ ،ایثار اور ایمان داری کے حوالے سے تربیت بہت ضرورت ہے،

ہمیں ایک دوسرے کا خیال کرنا ہے، کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہوتی ہے،نفرتیں ختم کر کے محبتیں پھیلانی ہوں گی، اصل کامیابی لوگوں کی خدمت ہے ،لوگوں کے لیے فلاح ک کام کرنا چاہیے،ہمیں اپنے ملک ،خاندان اور دوستوں کے لیے کام کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا کو ماحولیاتی تبدیلیوں اور غذائی قلت جیسے مسائل کا سامنا ہے، ان چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہو گا۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر الزمان خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ بی ایس سی انجینئرنگ دس مختلف شعبہ جات میں کرائی جا رہی ہے۔ انہوں نے یونیورسٹی کہ کارکردگی کے حوالے سے کہا کہ انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی کے میدان میں یونیورسٹی کا شمار اعلی درجے کی جامعات میں ہوتا ہے۔ کانووکیشن کے اختتام پر گورنر پنجاب کو شیلڈ پیش کی گئی ۔قبل ازیں گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے یونیورسٹی کے احاطے میں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک، سولر پلانٹ اور ای آر پی کمرشلائزیشن کا افتتاح کیا۔