قومی ائیر لائن پی آئی اے نے برطانیہ کے لئے فضائی آپریشن جزوی طور پر بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پی آئی اے ترجمان

50

اسلام آباد ۔ 30 جولائی (اے پی پی) قومی ائیر لائن (پی آئی اے )نے برطانیہ کے لئے فضائی آپریشن جزوی طور پر بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی آئی اے کے ترجمان کی طرف سے جمعرات کو جاری اعلامیہ کے مطابق اس اقدام کے تحت پی آئی اے کے مسافر متبادل ذریعے سے براہ راست پاکستان اور لندن، مانچسٹر اور برمنگھم کے درمیان سفر کر سکیں گے۔ ترجمان نے بتایا کہ پی آئی اے نے یہ اقدام اپنے مسافروں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے اٹھایا ہے جس کے تحت 14 اگست سے پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پی آئی اے کی پروازوں کی معطلی کے بعد دیگر ائیرلائنز نے کرائے غیر معمولی طور پر بڑھا دیئے تھے۔ پی آئی اے کی پروازوں کے چلنے کے بعد کرائے واپس عام سطح پر آنا متوقع ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ پروازوں کے اوقات کار سے متعلق اعلان عید کے فوراً بعد کردیا جائے گا۔