
اسلام آباد ۔ 27 اکتوبر (اے پی پی) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ نیب بدعنوانی سے پاک پاکستان کیلئے انتہائی پیشہ وارانہ صلاحیت، شفافیت اور میرٹ پر قومی فریضہ کی ادائیگی کیلئے پرعزم ہے، نیب کے تمام علاقائی دفاتر متعلقہ قوانین اور مروجہ طریقہ ہائے کار کے مطابق شکایات کی تصدیق، تحقیقات اور تفتیش کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے یہ بات نیب کے مانیٹرنگ اینڈ ایوالیویشن سسٹم (ایم ای ایس) پر تازہ ترین پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے نیب ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس کے دوران مانیٹرنگ اینڈ ایوالیویشن کے بارے میں چیئرمین کے مشیر نے نیب میں ایم ای ایس کی کارکردگی سے متعلق پیشرفت اور مستقبل میں اس کی استعداد کار و افادیت کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی ہدایات پر نیب نے تمام متعلقین کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے موثر مانیٹرنگ اینڈ ایوالیویشن سسٹم وضع کیا ہے جو شکایات کے اندراج، تصدیق، انکوائری، تفتیش، استغاثہ کے مرحلہ اور کیس کی مختصر تفصیل، کئے گئے فیصلوں اور وقت و تاریخ کے ساتھ اجلاس کے شرکاءکی فہرست سمیت علاقائی بورڈ اور ایگزیکٹو بورڈز کے اجلاسوں کے ریکارڈ کو محفوظ بنانے سمیت ہر مرحلہ کے ڈیٹا کو برقرار اور خلاف ورزی کرنے والوں کو انتباہ پر مبنی معیاری اور عددی شکل میں اعداد و شمار کا تجزیہ کرنے کی صلاحیت پر مشتمل نمایاں خوبیوں کا حامل ہے۔