اسلام آباد۔3نومبر (اے پی پی):قومی اسمبلی کا اہم اجلاس دو دن کے وقفے کے بعد پیر (کل)کو سہ پہر 4 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوگا۔ وفاقی وزیر قانون و انصاف وپارلیمانی امور اعظم نذیرتارڑ سپریم کورٹ(پریکٹس اینڈ پروسیجر) ترمیمی آرڈیننس2024 (آرڈیننس نمبر-VIII 2024)ایوان میں پیش کریں گے ،اس سمیت 8 نکاتی ایجنڈا زیر بحث لایا جائے گا۔اجلاس کی صدارت اسپیکر سردار ایاز صادق کریں گے۔
اجلاس کا آغاز تلاوتِ کلام پاک، حدیثِ مبارکہ، نعت اور قومی ترانے سے ہوگا۔اجلاس کے 8 نکاتی ایجنڈے میں سب سے پہلے وقفہ سوالات ہوگا جس کے بعد ایم این اے سحر کامران، وزیر برائے قانون و انصاف کی توجہ ورلڈ جسٹس پراجیکٹ کے قانون کی حکمرانی کے انڈیکس 2024ء میں پاکستان کے 129ویں نمبر پر آنے کی جانب دلائیں گی، جو عوامی تشویش کا باعث بن چکا ہے۔ جس کے بعد وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ آئین کے آرٹیکل 89 کی شق (2) کے تحت عدالت عظمیٰ (معمول و طریقہ کار) (ترمیمی) آرڈیننس 2024ء بھی قومی اسمبلی کے سامنے پیش کریں گے۔
اجلاس میں 24 اپریل 2024ء کو سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی جانب سے پیش کی گئی تحریک تشکر پر بھی بات چیت کی جائے گی، جس میں ایوان، صدر پاکستان کے 18 اپریل کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب پر شکریہ ادا کرے گا۔ایم این اے عالیہ کامران ، وزیر برائے ہوا بازی کی توجہ پی آئی اے کی جانب سے متعدد طیاروں کو گراؤنڈ کرنے کے معاملے پر مبذول کروائیں گی، جو عوامی اہمیت کا مسئلہ بن چکا ہے۔اجلاس کے دوران قاعدہ 180 کے تحت نکتہ اعتراض کے علاوہ دیگر معاملات پر بھی بات کی جائے گی۔\395