قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر مرتضےٰ جاوید عباسی کا خیبر پختونخوا کے بجٹ پر بیان

106

اسلام آباد ۔ 08 جون (اے پی پی) خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ نے نوشہرہ اور دیر کے لئے ترقیاتی بجٹ پیش کیا اور باقی صوبے کو پیغام دے دیا ہے کہ ان کے نزدیک صرف اپنا حلقہ اور اپنے رشتے دار ہی قابل توجہ ہیں۔ یہ بات قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پی کے کے سیکرٹری جنرل مرتضےٰ جاوید عباسی نے بجٹ پر بیان دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ حکومت کی انتظامی اور مالی ناکامی کا اعتراف ہے، گزشتہ سال تعلیم اور صحت کیلئے مختص بجٹ بھی خرچ نہیں کرسکے تھے جس کے نتیجے میں صوبے میں صحت اور تعلیم کا دیوالیہ ہو چکا ہے۔ ہسپتال چندے پر چل رہے ہیں اور اب سرکاری ملازمین کو بھی صحت کارڈ پر ہی علاج ملے گا۔ مرتضےٰ جاوید عباسی نے مزید کہا کہ 47 ارب روپے کا ضمنی بجٹ پیش کرکے گزشتہ سال اضافی خرچ ہوئے سرمائے کو قانونی تحفظ دینے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کل تک جو پنجاب میں میٹرو بس کا تمسخر اڑاتے اور جنگلہ بس کہتے تھے آج خود شہباز شریف کی پیروی کرکے میٹرو بس بنانے جارہے ہیں مگر اس کیلئے جس عزم کی ضرورت ہے پی ٹی آئی کے پاس نہیں۔