28.8 C
Islamabad
بدھ, مئی 14, 2025
ہومقومی خبریںقومی اسملی اجلاس، اراکین کا بھارتی جارحیت کا مؤثر اور متحد جواب...

قومی اسملی اجلاس، اراکین کا بھارتی جارحیت کا مؤثر اور متحد جواب دینے پر افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین

- Advertisement -

اسلام آباد۔13مئی (اے پی پی):قومی اسمبلی کے اجلاس میں منگل کو ارکانِ قومی اسمبلی نے بھارتی جارحیت کے خلاف افواجِ پاکستان کے مؤثر اور متحد ردِعمل کو زبردست الفاظ میں سراہا اور بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کو طنزیہ انداز میں "سرینڈر مودی” قرار دیا۔پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما حنا ربانی کھر نے بھارت کے جارحانہ رویے کی مذمت کرتے ہوئے اسے غیر ذمہ دارانہ اور بین الاقوامی قوانین کے منافی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے عقل سے عاری قدم اٹھایا ،دوسری جانب پاکستان نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا لیکن ہمارے صبر کو کمزوری سمجھا گیا۔

انہوں نے آرٹیکل 370 کے خاتمے پر عالمی برادری کی خاموشی پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی مسئلہ کشمیر کو متنازعہ تسلیم کیا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائی کے نام پر سرحد پار حملوں کو جواز دینا خطرناک نظیر بنے گا، اگر ایسی دلیل کو قبول کیا گیا تو پاکستان بھی بھارت میں کارروائیوں کا جواز دے سکتا ہے جہاں ہمیں بھارتی ریاستی دہشت گردی کے ثبوت حاصل ہیں۔ پیپلز پارٹی کے رہنما عبدالقادر پٹیل نے افواجِ پاکستان، چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر اور پاک فضائیہ کو جرأت مندانہ اور متحد ردعمل پر خراجِ تحسین پیش کیا۔

- Advertisement -

انہوں نے بھی مودی کو "سرینڈر مودی”قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دنیا کو دکھا دیا کہ ہم امن چاہتے ہیں لیکن اگر جنگ ہم پر مسلط کی گئی تو بھرپور جواب دیں گے۔انہوں نے بھارت پر پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا اور پاکستان کی جوہری صلاحیت کو شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کی کاوشوں کا نتیجہ قرار دیا۔

انہوں نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی عالمی سطح پر پاکستان کے امن کے پیغام کی ترجمانی کو بھی سراہا۔مجلس وحدت المسلمین کے رکن قومی اسمبلی حمید حسین نے بھارتی حملوں کے خلاف رات کی تاریکی میں افواج، سیاسی قیادت، میڈیا اور عوام کی یکجہتی کو سراہا۔تحریکِ انصاف کے رکن اسمبلی فضل محمد خان نے افواجِ پاکستان کی پیشہ وارانہ مہارت اور جرأت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری آرمی، نیوی اور ایئر فورس نے نہ صرف خطے بلکہ عالمی سطح پر بھی اپنی صلاحیت ثابت کر دی ہے۔

جمعیت علمائے اسلام کے رہنما عبدالغفور حیدری نے افواجِ پاکستان کی تعریف کی اور چین و ترکیہ جیسے دوست ممالک کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے کشیدہ صورتحال میں پاکستان کا ساتھ دیا۔متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے رکن اسمبلی سید وسیم حسین نے قوم کی یکجہتی اور افواجِ پاکستان کے سخت ردعمل کو سراہا۔ پیپلز پارٹی کی سحر کامران نے حکومت کی خارجہ پالیسی کو سراہتے ہوئے کہا کہ حالیہ کشیدگی کے دوران بھارت کو سفارتی تنہائی کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے آپریشن "بنیان مرصوص” کے دوران قومی اتحاد کی بھی تعریف کی۔

وفاقی پارلیمانی سیکرٹری گل اصغر خان نے چین کی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ حکومت نے بھارت کو سفارتی سطح پر تنہا کر دیا، بھارت عالمی سطح پر اکیلا رہ گیا۔پیپلز پارٹی کے مرزا اختیار بیگ نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے افواجِ پاکستان کے ردعمل کو تاریخی لمحہ قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو سفارتی محاذ پر بھی شکست ہوئی۔پی پی پی کے ایم این اے مہیش کمار ملانی نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے بھارتی ڈرونز اور طیارے گرا کر فیصلہ کن ردعمل دیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم بشمول اقلیتیں بھارتی جارحیت کے خلاف افواج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=596523

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں