20.5 C
Islamabad
پیر, اپریل 21, 2025
ہومقومی خبریںقومی اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی کا اجلاس، سندھ سکول ری ہیبیلیٹشن...

قومی اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی کا اجلاس، سندھ سکول ری ہیبیلیٹشن پراجیکٹ اوروزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم سمیت کئی اہم قومی نوعیت کے میگا منصوبوں کی منظوری دیدی

- Advertisement -

اسلام آباد۔11دسمبر (اے پی پی):قومی اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی (ایکنک)نے سندھ سکول ری ہیبیلیٹشن پراجیکٹ اوروزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم سمیت کئی اہم قومی نوعیت کے میگا منصوبوں کی منظوری دیدی ہے۔ ایکنک کااجلاس پیرکویہاں نگراں وفاقی وزیرخزانہ ڈاکٹرشمشاداخترکی زیرصدارت منعقدہوا۔ اجلاس میں وزیرمنصوبہ بندی سمیع سعید، وزیرمواصلات شاہداشرف تارڑ، وفاقی سیکرٹریزاور وفاقی وصوبائی محکموں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں 25098.220 ملین روپے لاگت کے خیبرپختونخوا فوڈسیکورٹی سپورٹ پراجیکٹ کی منظوری دی گئی، یہ منصوبہ 5 سال کی مدت کیلئے ہے، منصوبہ اپردیر، سوات، ملاکنڈ، چارسدہ، پشاور، نوشہرہ اورڈی آئی خان میں شروع ہوگا۔ منصوبہ کے تحت سیلاب سے زیادہ متاثرہونے والے اضلاع میں غذائی سلامتی اورماحولیاتی موزونیت کے حوالہ سے اقدامات کئے جائیں گے۔ اجلاس میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی ہنگامی امداد سے سندھ سکول ری ہیبیلیٹشن پراجیکٹ کی منظوری دی گئی، منصوبہ پر 8608050.50 ملین روپے کی کی لاگت آئیگی جس میں سندھ حکومت کاحصہ 7562.50 ملین روپے اورایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے 78518.00 ملین روپے کاقرضہ شامل ہے۔

- Advertisement -

منصوبہ کے تحت سندھ کے اضلاع دادو، خیرپور، لاڑکانہ، نوشہرہ فیروز اورقمبرشہدادکوٹ میں سیلاب سے جزوی اورمکمل طورپرتباہ ہونے والے 1607 سکولوں کی تعمیرنو اوربحالی کاکام مکمل جائیگا۔اجلاس میں خیبرپختونخوا میں کے پی ایچ سی آئی پی پراجیکٹ کی منظوری دی گئی جس پر32,834.80 ملین روپے کی لاگت آئیگی، منصوبہ کے تحت خیبرپختونخوا کے 13 اضلاع میں 1165 سکولوں کی تعمیرنو اوربحالی کاکام کیا جائیگا۔اجلاس میں 16801.23 ملین روپے کی لاگت سے وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کی منظوری دی گئی۔

منصوبہ پرہائیرایجوکیشن کمیشن عمل درآمدکرے گا۔ اجلاس میں 24224.921 ملین روپے کی لاگت سے کے پی ہیومن کیپٹل انویسٹمنت پراجیکٹ کی منظوری دی گئی۔منصوبہ کے تحت پناہ گزینوں کی میزبان کمیونٹیز میں صحت عامہ کی خدمات میں بہتری لائی جائیگی۔ اجلاس میں ویمن انکلوسیوفنانس پراجیکٹ کی منظوری دی گئی جس پر31413.047 ملین روپے کی لاگت آئیگی، منصوبہ کے تحت خواتین کوکاروباری قرضوں کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں کوکم کیا جائیگا۔ اجلاس میں وزارت ریلویز کے تھرکول کنکٹیویٹی منصوبہ کی منظوری بھی دی گئی جس پر53726.925 ملین روپے کی لاگت آئیگی۔

منصوبہ کیلئے وفاق اورصوبہ نصف نصف فنڈز فراہم کرے گا۔اجلاس میں پشاورناردرن بائی پاس منصوبہ کی منظوری دی گئی جس پر27051.680 ملین روپے کی لاگت آئیگی، منصوبہ کے تحت 32.20 کلومیٹر4 لین کی شاہراہ تعمیرکی جائیں گی۔ اجلاس میں گریٹرتھرکینال پراجیکٹ فیزٹو کا جائزہ لیاگیا تاہم اسے موخرکردیا گیا اور وزارت منصوبہ بندی ووزارت پانی کو مناسب سمری تیارکرنے کی ہدایت کی گئی، اجلاس میں سندھ بیراج امپرومنٹ پراجیکٹ فیزٹو کی منظوری دی گئی جس پر74618.34 ملین روپے کی لاگت آئیگی۔ منصوبہ کے تحت گدوبیراج کی بحالی اوراسے جدید بنایا جائیگا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=418902

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں