قومی انڈر 16ون ڈے کپ (کل) سے شروع ہوگا

95
Pakistan Cricket Board
Pakistan Cricket Board

کراچی۔ 20 فروری (اے پی پی):قومی انڈر 16ون ڈے کپ(کل) بدھ سے تین شہروں کراچی، فیصل آباد اور لاہور میں شروع ہوگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے منگل کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق 16علاقائی ٹیموں کو تین پولز میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں پول اے اور بی میں پانچ ٹیمیں شامل ہیں جبکہ پول سی میں چھ ٹیمیں ہیں۔50اوورز کے ٹورنامنٹ میں پول اے کے میچز کراچی میں کھیلے جائیں گے۔

پول بی کے میچز فیصل آباد جبکہ پول سی کے میچز لاہور میں ہوں گے۔پول میچز 29فروری کو ختم ہوں گے اور اس کے بعد ٹرائنگولر مرحلہ ہوگا جو فیصل آباد میں تین سے 7مارچ تک کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 9مارچ کو فیصل آباد کے بوہرانوالی گرائونڈ میں کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کے لیے 9لاکھ روپے سے زائد کی انعامی رقم مختص کی گئی ہے۔ فاتح ٹیم کو5لاکھ روپے کی انعامی رقم ملے گی جبکہ رنرز اپ کو اڑھائی لاکھ روپے دئیے جائیں گے۔

اس کے علاوہ ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی، بہترین بیٹر، بہترین بائولر، بہترین وکٹ کیپر، بہترین فیلڈر اور فائنل میچ کے بہترین کھلاڑی کو تیس تیس ہزار روپے ملیں گے۔