قومی ایئر لائن (پی آئی اے) نے یکم تا 12 ربیع الاول جدہ اور مدینہ منورہ کے سفر پر 12 فیصد رعایت کا اعلان کر دیا

140
ترجمان پی آئی اے

اسلام آباد۔19اکتوبر (اے پی پی):قومی ایئر لائن (پی آئی اے) نے عید میلاد النبیﷺ کے لئے خصوصی پیکج متعارف کرایا ہے، جشن ولادت رسول پاک ﷺکے موقع پر حجاز مقدسہ کے سفر پر 12 فیصد خصوصی رعایت ہو گی۔ قومی ایئر لائن کے ترجمان عبداللہ خان کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق یکم تا 12 ربیع الاول کے دوران جدہ اور مدینہ منورہ کے سفر پر 12 فیصد رعایت دی جائے گی، ترجمان نے کہا کہ یہ خصوصی پیکج عید میلاد النبیﷺ کے سلسلہ میں متعارف کرایا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ خصوصی رعایت کے ساتھ 12 کلو اضافی سامان لے کے جانے کی سہولت بھی مہیا کی جائے گی ۔ پیکج کا اطلاق جدہ اور مدنیہ منورہ جانے اور آنے والے دونوں سفرون پر ہوگا۔ قومی ایئر لائن کے ترجمان نے کہا کہ بحیثیت قومی ائیرلائن پی آئی اے ہمیشہ خصوصی مواقع جوش و جذبے سے مناتی ہے۔ خصوصی پیکج کا مقصد جشن ولادت رسولﷺ کی خوشیوں میں قوم کے ساتھ شامل ہونا ہے۔