قومی باسکٹ بال ٹیم کے تربیتی کیمپ کے لئے25کھلاڑیوں کا اعلان

109

اسلام آباد۔9مئی (اے پی پی):پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن نے قومی باسکٹ بال ٹیم کے تربیتی کیمپ کے لئے 25کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کر لیا جن کا تربیتی کیمپ 10 مئی سے شروع ہوگا۔ پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل خالد بشیر نے بتایا کہ ٹرائلز میں فیڈریشن سے الحاق شدہ یونٹس کے 80 کھلاڑیوں نے شرکت کی جن کی اہلیت کا جائزہ کرنل (ر) شجاعت رانا، ریاض ملک اور مودود جعفری پر مشتمل سلیکشن کمیٹی نے لیا۔ ٹرائلز کے اختتام پر سلیکشن کمیٹی نے 25کھلاڑیوں کو 10 مئی سے اسلام آباد میں شروع ہونیوالے قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ کےلئےسلیکٹ کیا ہے۔

خالد بشیر نے بتایا کہ تربیتی کیمپ میں ہیڈ کوچ ریاض ملک کی نگرانی میں کھلاڑیوں کی فٹنس اور تکینک کو بہتر بنایا جاےگا جبکہ فیڈریشن کی کوشش ہے کہ انٹرنیشنل سطح پر بھی پاکستان کی شرکت کو یقنیی بنایا جائے۔ تربیتی کیمپ کے لئے سلیکٹ ہونیوالے کھلاڑیوں میں پاکستان آرمی سے حمزہ بن جاوید، محمد شہباز علی، عاطف شاہ، محمد شاہد، عماد احمد، ایئر فورس سے محمد عمیر جان، ثاقب اللہ خان، مہتاب اکرم، اسلام آباد سے ثمر عباس اور علی حمزہ کاظمی، لاہور سے صفی اللہ خان اور ابتسام مرتضی،

پولیس سے رانا ایم عثمان اور محمد عثمان، رانا حارث احمد (فیصل آباد) ، سمیر خان ( حیدرآباد) ، زین علی تنویر(کراچی)، محمد حمزہ (ملتان)، ضیا الرحمن (نیوی) ،نعیم اللہ (پشاور)، عبدالوہاب (پشاور) اظہار اللہ(پی او ایف واہ)، محمد حماد (راولپنڈی) ، محمد سجاول( سرگودھا) اور زین الحسن خان (واپڈا) شامل ہیں۔ قومی باسکٹ بال ٹیم رواں سال مالدیپ میں منعقد ہونیوالی چار ملکی باسکٹ بال چیمپئن شپ میں شرکت کرے گی۔