اسلام آباد۔30جون (اے پی پی):پی ایس ایف جہانگیر خان سکواش کمپلیکس میں سندھ سکواش ایسوسی ایشن کے زیراہتمام اورپاکستان امریکن بزنس کونسل کے تعاون سےمنعقدہ قومی جونیئر اینڈ ویمنز سکواش چیمپئن شپ کا ویمنز ایونٹ سابق قومی چیمپئن سعدیہ گل نے سندھ کی دامیہ خان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 0-3 سیٹس سے مات دے کر جیت لیا۔چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی کراچی میں امریکا کے قونصل جنرل اسکاٹ اربوم تھے۔
واضح رہے کہ انٹرنیشنل کھلاڑی سعدیہ گل جنہوں نے 4 سال بعد دوبارہ کھیل میں قدم رکھا ہے ،نے ویمز ایونٹ کا ٹائٹل اپنے نام کیا ۔قومی جونیئر اینڈ ویمنز سکواش چیمپئن شپ کابوائز انڈر15حذیفہ شاہد اور فہد خان نے بوائز انڈر-13 جبکہ ابان خان نے بوائز انڈر-9 کا ایونٹ اپنے نام کرلیا۔ واضح رہے کہ سعدیہ گل سابق قومی چیمپئن فرحان زمان کی اہلیہ ہیں اور انہوں نے پہلا گیم 8-11، دوسرا گیم 5-12 اورتیسرا گیم 6-11 سے جیتا۔
سندھ کے تھرڈ سیڈحذیفہ شاہد نے خیبرپختونخوا (کے پی کے) کے دانش سکندر کو سخت مقابلے کے بعد 2-3 سے ہرا کر بوائز انڈر-15 ایونٹ جیت لیا۔بوائز انڈر-13 کا فائنل ٹاپ سیڈ سندھ کے راحیل وکٹرنے کے پی کے فہد خان کو 1-3 سے زیر کرکے جیت لیا۔ابان خان نے محمد بن نسیم کو 1-3 سے شکست دے کر بوائز انڈر-9 کا ایونٹ اپنے نام کر لیا۔
چیمپئن شپ میں ملک بھر سے واپڈا اور آرمی سمیت مختلف محکموں اور صوبوں کے 200 سے زائد کھلاڑیوں نے شرکت کی۔اختتامی تقریب میں اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان، سندھ سکواش ایسوسی ایشن کے صدرعدنان اسد اور دیگر شریک ہوئے اور مہمان خصوصی نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔