راولپنڈی۔5مئی (اے پی پی):پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ قومی خود مختاری پر حملہ ہوا تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔وہ پیر کو نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے جی ایچ کیو میں ملاقات کے دوران خطاب کر رہے تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق2016 سے نیشنل ورکشاپ بلوچستان کا مقصد قیادت کو قومی و صوبائی امور سے آگاہ کرنا ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبے عوام کی فلاح کے لئے اہم کردار ادا کر رہے ہیں، دشمن عناصر بلوچستان میں خوف و انتشار پھیلانا چاہتے ہیں، انہیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سپانسرڈ دہشت گردی بلوچستان کی سکیورٹی کے لئے سنگین خطرہ ہے، دہشت گردی کا کوئی مذہب، مسلک یا قوم نہیں ہوتی، قومی یکجہتی کے ساتھ اس کا مقابلہ کریں گے۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ بلوچ شناخت کے نام پر دہشت گردی کرنے والے بلوچ غیرت پر دھبہ ہیں۔آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی خودمختاری پر حملہ ہوا تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔ورکشاپ کا اختتام سوال و جواب کے مفصل سیشن سے ہوا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=592842