قومی صحت کارڈ کا دائرہ کار پورے ملک تک پھیل چکا ہے،اب کسی غریب کو اپنے علاج کیلئے اپنے گھر کے اثاثے نہیں بیچنا پڑیں گے، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان

93

اسلام آباد۔7فروری (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ ”صحت سہولت پروگرام ” موجودہ حکومت کا فلیگ شپ پروگرام ہے ، قومی صحت کارڈ کا دائرہ کار پورے ملک تک پھیل چکا ہے،ملک بھر میں600سے زاید پرائیوٹ اور پبلک ہسپتال صحت سہولت پروگرام کے پینل پر موجود ہیں، اب کسی غریب کو اپنے علاج کیلئے اپنے گھر کے اثاثے نہیں بیچنا پڑیں گے ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے صحت سہولت پروگرام کی تھرڈ پارٹی توثیق کے حوالے سے ایم او یو پر دستخط کرنے کی تقریب کے موقع پر کیا۔ تقریب میں وفاقی سیکرٹری صحت عامر اشرف خواجہ نے شرکت کی۔

ہیلتھ سروسز اکیڈمی اور ایس ایس پی۔ این ایچ ایس آر سی کے مابین فیڈرل ایس ایس پی کے فیز 1 کی تھرڈپارٹی کی توثیق کے سلسلے میں ایم او یو پر دستخط ہوئے۔ ایچ ایس اے کی جانب سے نائب چانسلرڈاکٹر شہزاد علی خان اور سی ای او ایس ایس پی محمد ارشاد نے معاہدے پر دستخط کیے۔ ایم او یو کا مقصد خوشحال اورصحتمند قوم کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے ہمیں انڈور سروسز کیلئے یونیورسل ہیلتھ کوریج کو یقینی بنانا ہو گا۔

اس موقع پر معاون خصوصی نے کہا کہ ”صحت سہولت پروگرام ” موجودہ حکومت کا فلیگ شپ پروگرام ہے۔ اب کسی غریب کو اپنے علاج کیلئے اپنے گھر کے اثاثے نہیں بیچنا پڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قومی صحت کارڈ کا دائرہ کار پورے ملک تک پھیل چکا ہے۔ پنجاب کو مارچ تک یونیورسل ہیلتھ کوریج کے تحت مفت علاج کی سہولیات میسر ہوں گی ۔

فاٹا تھرپارکر ازاد جموں وکشمیر کے پی کے میں تمام لوگوں کو علاج کی مفت سہولیات میسر ہیں ۔ ملک بھر میں چھ سو سے زیادہ پرائیوٹ اور پبلک ہسپتال صحت سہولت پروگرام کے پینل پر موجود ہیں ۔

ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ قومی صحت کارڈکے ذریعے فراہم کی جانے والی خدمات میں اوپن ہارٹ سرجری،سٹنٹ، مینجمنٹ آف کینسر،نیورو سرجیکل کاطریقہ کار،برن مینجمنٹ،ایکسیڈنٹ مینجمنٹ،ڈائلاسز،انتہائی نگہداشت کا انتظام،ڈیلیوریز،سی سیکشن اور دیگر میڈیکل / جراحی کے طریقہ کار جس کی حد10لاکھ تک ہے اورپاکستان میں کسی بھی ہسپتال سے مفت علاج کی سہولت حاصل کی جاسکتی ہے۔