قومی ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں شاندار واپسی کرے گی ،شاداب خان

66

اسلام آباد۔13اپریل (اے پی پی):قومی کرکٹ ٹیم کے آل رائونڈر شاداب خان نے کہا ہے کہ قومی ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں شاندار واپسی کرے گی، بابراعظم پاکستان کا اثاثہ ہیں۔

اپنے ایک ٹویٹ میں شاداب خان نے جنوبی افریقہ کو دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں فتح پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی افریقہ اچھا کھیل کر میچ جیتا۔ انشاء اللہ پاکستان اگلے میچ میں شاندار کم بیک کرے گا۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں مزید کہا کہ کپتان بابراعظم پاکستان کا اثاثہ ہیں، ہم سب کو ان کی سپورٹ کرنی چاہیے۔

اس میں کوئی شک نہیں کہ وہ دنیا کے بہترین بلے بازوں میں سے ایک ہیں۔ شاداب خان نے کہا کہ میری نیک خواہشات قومی ٹیم کے ساتھ ہیں۔ واضح رہے کہ شاداب خان دورہ جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے لئے پاکستانی ٹیم کا حصہ تھے تاہم وہ انجری کے باعث وطن واپس لوٹ آئے ہیں۔