قومی ٹیم نے ورلڈ جونیئر سکوائش چیمپئن شپ جیت کر انٹرنیشنل سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے، ایئر چیف مارشل سہیل امان

137

اسلام آباد ۔ 18 اگست (اے پی پی) پاکستان سکوائش فیڈریشن (پی ایس ایف) کے صدر اور ایئر چیف مارشل سہیل امان نے کہا ہے کہ قومی ٹیم نے ورلڈ جونیئر سکوائش چیمپئن شپ جیت کر انٹرنیشنل سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے۔ گرین شرٹس نے پولینڈ میں منعقدہ چیمپئن شپ کے ٹیم ایونٹ کے فائنل میں فیورٹ مصر کو زیر کر کے ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ اپنے ایک پیغام میں ایئر چیف مارشل سہیل امان نے ٹائٹل جیتنے پر قومی ٹیم کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ کھلاڑیوں نے طویل عرصے بعد ملک کیلئے جونیئر عالمی ٹائٹل جیتا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کے اس کارنامے پر پوری قوم کو کھلاڑیوں کی کارکردگی پر فخر ہے۔