قومی ٹیم کو ٹیسٹ سیریز میں جیت کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا، شعیب اختر

82

راولپنڈی ۔22دسمبر (اے پی پی):سابق کرکٹر شعیب اختر نے کہا ہے کہ قومی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں ایک میچور ٹیم نظر آئی‘ کھلاڑیوں کو ٹیسٹ میچوں میں اسی جیت کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے‘ محمد حفیظ ایک اثاثہ ہیں۔ منگل کو سوشل میڈیا پر بات کرتے ہوئے راولپنڈی ایکسپریس نے کہا کہ پاکستان پہلا میچ اسی طرح کھیلتا تو سیریز میں آرام سے فتح حاصل ہو سکتی تھی۔ بلے بازوں نے سمجھداری کے ساتھ بیٹنگ کی۔ فہیم اشرف نے اچھی باولنگ کی اور محمد رضوان نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلی‘ نیوزی لینڈ نے آج بہت برا کھیلا‘ ان کے بلے بازجلدی میں نظر آئے۔ شعیب اختر نے کہا کہ محمد رضوان کے بارے میں کہا جاتا تھا کہ وہ ٹی ٹونٹی کے کھلاڑی نہیں ہیں‘ رضوان نے اپنے اوپر ہونے والی تنقید کو غلط ثابت کردیا اور اب انہیں ٹیسٹ ٹیم کا کپتان بھی بنا دیا گیا ہے۔ محمد حفیظ قومی ٹیم کا اثاثہ ہیں‘ وہ اپنے تجربے کا بھرپور فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ شعیب اختر نے کہا کہ حسنین اور افتخار کی صورت میں اچھی تبدیلی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ وہاب ریاض اچھے اور تجربہ کار باولر ہیں‘ انہیں آئندہ ورلڈ کپ کے لئے اپنی فٹنس اور ردھم کو بہتر کرنا چاہیے۔ ٹیسٹ سیریز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شعیب اختر نے کہا کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جس کے پاس 8 سے 9 فاسٹ باولرز موجود ہیں اب مینجمنٹ کو سوچنا ہوگا کہ ٹیسٹ میچ میں کن تین فاسٹ باولرز کو کھلانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچوں میں سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑے گا‘ قومی ٹیم کو بیٹنگ اچھی کرنی پڑے گی۔ کھلاڑیوں کو چاہیے کہ ٹیسٹ میچوں میں اسی اعتماد اور جیت کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھیں۔