قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کا بھارتی عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار

90

ہرارے ۔26اپریل (اے پی پی):قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کورونا کی تشویشناک صورتحال پر بھارتی عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ پیر کو سماجی رابطے کی ویب سایٹ پر اپنے پیغام میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے لکھا کہ ان تباہ کن لمحات میں میری دعائیں بھارتی عوام کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یکجہتی کا مظاہرہ کرنے اور مل کر دعا کرنے کا وقت آگیا ہے ۔

قومی ٹیم کے کپتان نے عوام سے اپیل کی کہ کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں کیونکہ یہ صرف ہماری حفاظت کے لئے ضروری ہے ، اور ہم مل کر اس پر قابو پا سکتے ہیں۔ واضح رہے اس سے پہلے قومی ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے بھی بھارت میں کورونا کی تشویشناک صورتحال پر بھارتی عوام کے ساتھ نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہم آپ کے ساتھ ہیں۔ اللہ تعالیٰ ہمیں کورونا کی اس خطرناک وباء پر قابو پانے میں مدد کرے گا۔