لاہور۔22اپریل (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا نے قومی پولیو مہم کے دوسرے روز سبزہ زار کا دورہ کیا اور پولیو مہم میں جاری سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں سات روزہ پولیو مہم بھرپور طریقے سے جاری ہے جس کا مقصد پانچ سال سے کم عمر تمام بچوں تک پولیو سے بچا کے قطرے پہنچانا ہے۔ڈی سی لاہور نے فیلڈ اسٹاف سے ملاقات کی اور مہم کی پیشرفت سے متعلق بریفنگ لی۔ پولیو ٹیموں نے انہیں مائیکرو پلان، علاقے کی کوریج اور روزانہ کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موبائل ایپ پر ڈیٹا فیڈنگ کا عمل تسلی بخش ہے، تاہم ٹیلی شیٹ اور ایپ ریکارڈنگ میں مکمل ہم آہنگی اور ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ڈی سی سید موسی رضا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پانچ سال سے کم عمر کا کوئی بھی بچہ پولیو کے قطروں سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔
انہوں نے فیلڈ اسٹاف کو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے مکمل لگن سے کام کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں تاکہ پولیو سے پاک پاکستان کے خواب کو عملی شکل دی جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ مہم صرف ایک طبی سرگرمی نہیں بلکہ قوم کے صحت مند مستقبل کی ضمانت ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=585769