قومی ہاکی چیمپئن شپ ،پاکستان نیوی نے فتوحات کے سلسلے کو برقرار رکھتے ہوئے کوارٹرفائنل میں جگہ بنا لی

88
Pakistan Hockey Federation
Pakistan Hockey Federation

راولپنڈی ۔18اکتوبر (اے پی پی):قومی ہاکی چیمپئن شپ میں خیبرپختونخوا اے نے اسلام آباد ، سندھ بی نے آزاد جموں کشمیر ، ماڑی پیٹرولیم نے بلوچستان اے اور پاکستان نیوی نے خیبرپختونخوا بی کو شکست دے دی۔پی ایچ ایف اور آرمی ویلفیئر ٹرسٹ کے اشتراک سے 67 ویں قومی ہاکی چیمپئن شپ کے سنسنی خیز مقابلے لیفٹیننٹ جنرل ندیم اشفاق ہاکی اسٹیڈیم ، راولپنڈی میں جاری ہیں ۔ بدھ کے روز مزید چار میچوں کا فیصلہ ہو گیا ، پہلے میچ میں خیبرپختونخوا اے نے اسلام آباد کو تین کے مقابلے میں چھ گول سے ہرا دیا ،

فاتح ٹیم کی جانب سے سیف اللہ نے شاندار ہیٹرک کی ، سمیع اللہ، خورشید اور ذاکر نے ایک ، ایک گول کیا، دوسرے میچ میں سندھ بی نے آزاد جموں کشمیر کے خلاف باآسانی 0-9 گولزسے فتح سمیٹی ، سندھ بی کی جانب سے جاوید نے ہیٹ ٹرک سکور کی جبکہ عماد رضوان، ایم عدنان، صارم حسین، ونے سروان، ایاز راٹھور اور ایم طلحہٰ نے ایک ، ایک گول کیا، تیسرے میچ میں ماڑی پیٹرولیم نے بلوچستان اے کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 0-16 گولز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی ،

ماڑی پیٹرولیم کی طرف سے نوید عالم اور رمضان سرور نے چار ، چار جبکہ ارشد لیاقت، وسیم اکرم، عمر مصطفیٰ ، عمیر ستار، شعیب خان، ریحان بٹ، جنید رسول اور حاشر علی نے ایک ، ایک گول کیا، چوتھے میچ میں پاکستان نیوی نے خیبرپختونخوا بی کے خلاف 0-8 گولز سے کامیابی حاصل کی اور کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا ، نیوی کی جانب سے عثمان علی نے دو، حماد علی، رانا ولید، علی شیر، ذوالقرنین، بشارت اور اکبر علی نے ایک ، ایک گول کیا ۔