27.1 C
Islamabad
منگل, مئی 6, 2025
ہومقومی خبریںقومی یوتھ پالیسی کے سلسلے میں مشاورتی سیشنز کا آغاز کر دیا...

قومی یوتھ پالیسی کے سلسلے میں مشاورتی سیشنز کا آغاز کر دیا گیا ہے ،موجودہ حکومت نوجوانوں کے مستقبل کو روشن بنانے کے لیے متعدد اقدامات کر رہی ہے ،رانا مشہود احمد

- Advertisement -

ڈیرہ غازی خان ۔ 06 مئی (اے پی پی):چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمدخان نے کہا کہ قومی یوتھ پالیسی کے سلسلے میں ملک بھر کےنوجوانوں کے ساتھ مشاورتی سیشنز کا آغاز کر دیا گیا ہے،بھارت اپنے جھوٹے پروپگنڈے سے خطے کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے،اس نےجارحیت کی تو پاکستان منہ توڑ جواب دے گا،موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں،اسرائیل کا فلسطین میں نہتے مسلمانوں کا قتل عام نہایت افسوسناک ہے،اتحاد امت وقت کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز غازی یونیورسٹی میں National Adolescent and youth policy consultation کے موضوع سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر غازی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد اور پروفیسر ڈاکٹر ارشد لغاری اور دیگر انکے ہمراہ تھے۔رانا مشہود احمد نے کہا کہ ڈیر غازی خان میں سرائیکی،پنجابی اور بلوچ کے علاوہ دیگر اقوام مل جل کر رہتے ہیں۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نوجوانوں کے مستقبل کو روشن بنانے کے لیے متعدد اقدامات کر رہی ہے اور اس حوالے سے ہم نے 2013 میں پہلی بار یوتھ پالیسی متعارف کرائی جسے بے حد پذیرائی ملی۔ رانا مشہود نے کہا کہ میں نے گزشتہ ہفتے خیبر پختون خواہ کا دورہ کر کے وہاں کے نوجوانوں سے مختلف سیشنز میں ملاقاتیں کیں اور وہاں پر مجھے معلوم ہوا کہ وہاں کی صوبائی حکومت نے گزشتہ کئی برسوں سے کوئی نئی یونیورسٹی قائم نہیں کی بلکہ یونیورسٹیوں کو اپنے اخراجات پورے کرنے کے لیے کہا گیا کہ وہ اپنے اثاثے بیچ کر اپنا نظام چلائیں۔

انہوں نے کہاکہ دوسری طرف وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر قیادت پنجاب حکومت بھرپور انداز سے نوجوانوں کو با اختیار بنانے کے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے اور پنجاب کی مختلف یونیورسٹیوں میں نئے 32 وائس چانسلر تعینات کئے گئے ہیں تاکہ تعلیمی نظام کو موثر انداز سے چلایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ غازی یونیورسٹی ڈیر غازی خان کا چارٹرڈ بھی میں نے 2014 میں پیش کیا تھا اور مجھے یہاں آکر پتہ چلا ہے کہ 2019 کے بعد یہاں پر کوئی کانووکیشن کا انعقاد نہیں کیا گیا اور گزشتہ دنوں ہونے والے کانووکیشن میں 2019 سے 2023 تک پاس ہونے والے طالب علموں میں اسناد تقسیم کی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد نہایت محنت اور لگن سے کام کر رہے ہیں اور ہمیں ان کی صلاحیتوں پر فخر ہے۔رانا مشہود نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ کی طرف سے مجھے بتایا گیا کہ اب یہاں پر کانوکیشن سالانہ بنیاد پر منعقد کیا جائے گا اور اس حوالے سے کوئی تاخیر نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے پنجاب میں طالب علموں کو جدید علوم اور آئی ٹی کے علوم سے روشناس کرنے کے لیے 10 لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کیے ہیں جبکہ وفاق میں بھی 7 لاکھ سے زائد لیپ ٹاپ تقسیم کیے جا چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملائشیا پاکستان میں لائیو سٹاک کے حوالے سے گہری دلچسپی رکھتا ہے اور وہ لائیو سٹاک میں 200 ملین ڈالر تک خرچ کرنا چاہتا ہے۔

ڈیرہ غازی خان لائیو سٹاک کے حوالے سے پورے ملک میں سے بہترین خطہ تصور کیا جاتا ہے ،ہماری کوشش ہے کہ ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں لائیو سٹاک کو پروموٹ کیا جائے۔رانا مشہود نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت جب بھی برسر اقتدار آئی ہے ،اس نے تعلیم، صحت اورانفراسٹرکچر سمیت دیگر منصوبوں پر ترجیحی بنیادوں پر کام کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور اس نے جھوٹے پروپگنڈےکر کے پاکستان کو بد نام کرنے کی ناکام کوشش کی ہے،اب بھی اسے منہ کی کھانی پڑی ہے اور اس کا چہرہ دنیا کے سامنے عیاں ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایٹمی ملک ہے اور پاک فوج سرحدوں پر اپنے وطن کی حفاظت کرنا جانتی ہے،بھارت کے ہر جھوٹے پروپگنڈے اور سازش کوناکام بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کے ساتھ چار جنگیں کر چکا ہے اور اس کی جارحیت کا پاک فوج نے ہمیشہ موثر انداز میں منہ توڑ جواب دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف نے اپنے سابقہ دور حکومت میں بین الاقوامی دباؤ کو ملحوظ خاطر نہ لاتے ہوئے پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے کا خواب پورا کیا،ڈاکٹر قدیر خان اور میاں نواز شریف ہمارے ملک کے محسن ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل صفاقیت سے فلسطین میں ظلم کر رہا ہے، مسلم امہ کو متحد ہو کر اس کا بھرپور جواب دینا چاہیے۔

رانا مشہود نے کہا کہ ڈیجیٹل یوتھ ہب ایپ اے آئی بیسڈ ہے جو نوجوانوں کی بہترین رہنمائی کر رہی ہے ،یہاں پر اس وقت 2 لاکھ سے زائد نوکریاں اس پر موجود ہیں۔انہوں نے کہاکہ نوجوان جدید ٹیکنالوجی اور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک و قوم کی خدمت کریں،اولمپکس 2028 کی تیاریوں کے حوالے سے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام بھی شروع کر دیا گیا ہے تاکہ ارشد ندیم جیسے ستاروں کو سامنے لایا جا سکے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد نے ادارے میں جاری ترقیاتی کاموں اور دیگر امور پر روشنی ڈالی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=593372

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں