لائسنس یافتہ ریڑھی بانوں کے لائسنسز کی تجدید سے متعلق کیس میں سی ڈی اے سپیشل مجسٹریٹ نے ریڑھی بان تیمور بشیر پر عائد 30 ہزار روپے جرمانے کا آرڈر معطل کر دیا

32

اسلام آباد۔2جولائی (اے پی پی):اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اعجازاسحاق خان کی عدالت نے لائسنس یافتہ ریڑھی بانوں کے لائسنسز کی تجدید سے متعلق کیس میں سی ڈی اے سپیشل مجسٹریٹ کا ایک ریڑھی بان تیمور بشیر پر عائد کردہ 30 ہزار روپے جرمانے کا آرڈر معطل کرتے ہوئے وکیل درخواست گزار کو لائسنس کا ڈرافٹ تیار کر کے سی ڈی اے حکام کو دینے اور سی ڈی اے حکام کو ڈرافٹ بورڈ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کردی۔بدھ کو سماعت کے دوران درخواست گزاران کی جانب سے وکلاء ایمان مزاری اورہادی علی چٹھہ جبکہ سی ڈی اے کی جانب سے سپیشل مجسٹریٹ اور وکلاء عدالت پیش ہوئے۔ ایمان مزاری ایڈووکیٹ نے کہاکہ پہلی بار خلاف ورزی پر وارننگ دی جانی تھی 30 ہزار کا جرمانہ لگا دیا گیاجس پرجسٹس سرداراعجازاسحاق خان نے کہاکہ درخواست گزار جرمانے کے آرڈر کے خلاف متعلقہ فورم پر اپیل دائر کر سکتا ہے۔

عدالت نے وکیل ایمان مزاری کو پروسیجر کا ڈرافٹ بنا کر سی ڈی اے حکام کو فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ سب سیکٹرز میں جگہ الاٹ کرنے کا طریقہ کار اور لائسنس کے پروسیجر کا ڈرافٹ بنا کر دیں۔وکیل ایمان مزاری نے کہاکہ ہم نے عدالتی احکامات پر سی ڈی اے حکام سے ملاقات کی،ہمیں میٹنگ میں کہا گیا کہ سی ڈی اے جگہ کی نیلامی کرے گا،سی ڈی اے کو ریڑھی اور سٹال میں فرق بھی نہیں معلوم، درخواست گزار ریڑھی بانوں کو میٹنگ میں بیٹھنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ وکیل سی ڈی اے نے کہاکہ ہم نے تجاویز سنیں اور کہا کہ یہ سی ڈی اے بورڈ کے سامنے رکھیں گے،ہم نے کبھی نہیں کہا کہ نیلامی کریں گے، کوشش کر رہے ہیں کہ اس معاملے کو حل کریں،ہم نے ان کی تجاویز کو بورڈ اجلاس میں پیش کرنا ہے ،پھر فیصلہ بورڈ نے کرنا ہے

بورڈ کے فیصلے تک ریڑھی بانوں کو تنگ نہیں کر رہے ،یہ جو کام کر رہے ہیں کرتے رہیں۔عدالت نے کیس کی سماعت 16 جولائی تک ملتوی کر دی۔