26.6 C
Islamabad
جمعہ, مئی 2, 2025
ہومقومی خبریںلائن آف کنٹرول کے عوام کے جذبے اور پاکستان کے ساتھ محبت...

لائن آف کنٹرول کے عوام کے جذبے اور پاکستان کے ساتھ محبت کو سلیوٹ پیش کرتا ہوں، انجینئر امیر مقام کا چکوٹھی میں یکجہتی کشمیر جلسے سے خطاب

- Advertisement -

مظفر آباد۔ 01 مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ مجھے انتہائی خوشی ہے کہ میں شہیدوں، مجاہدوں اور غازیوں کی سر زمین پر موجود ہوں۔ یہ وہی جگہ ہے کہ جہاں کیپٹن سرور شہید نے دشمن کے ساتھ دلیری کے ساتھ لڑ کر جام شہادت نوش کیا اور نشان حیدر حاصل کیا۔ آج لائن آف کنٹرول کے عوام نے اجیت ڈول کی ڈاکٹرائن کو ناکام بنا دیا ہے۔ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے لائن آف کنٹرول کے علاقے چکوٹھی میں "یکجہتی کشمیر ” جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم امن چاہتے ہیں تاہم بھارت نے جنگ شروع کی تو ہماری بہادر افواج ہندوستان کو شکست کا مزہ چکھائے گی۔ لائن آف کنٹرول کے عوام نے پہلے بھی بھارتی جارحیت کا دلیری سےمقابلہ کیا میں ان کے جذبے اور پاکستان کے ساتھ محبت کو سلیوٹ پیش کرتا ہوں۔ بھارت مقبوضہ کشمیر کے عوام پر 77 سالوں سے بے پناہ مظالم کے باوجود ان کے جذبہ حریت کو کم نہیں کر سکا۔ امیر مقام نے کہا کہ میں نے لائن آف کنٹرول کے علاقوں کے دورہ کے دوران کشمیریوں میں پاکستان کیلئے جذبہ اور محبت دیکھی ہے۔ کشمیریوں کی اس محبت اور جذبے کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔ قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیے کے مطابق پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔

- Advertisement -

میں ایل او سی کے عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان کسی صورت کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑے گا۔ ہمارے لئے خوش قسمتی کی بات ہے کہ ہم ملک کی حفاظت کیلئے یا شہید ہوں یا غازی بنیں۔ پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کےمطابق مسئلہ کشمیر کا حل چاہتا ہے۔ بھارت کی خام خیالی ہے کہ کشمیری پاکستان کے ساتھ نہیں ہیں ،یہاں کی عوام ملکی سلامتی کے لیے دفاعی لائن کے سپاہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے پاکستان کی ترقی کی بنیاد رکھی۔

سابق وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام کا مشکل کی اس گھڑی میں لائن آف کنٹرول کے علاقوں میں کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں مسلح افواج کے سربراہ کو یہ یقین دلاتا ہوں کہ بھارت نے اگر جنگ مسلط کی تو کشمیری افواج پاکستان کے شانہ بشانہ لڑیں گے اور مقبوضہ کشمیر کو بھارت سے آزاد کرانے کیلئے ہم دفاعی لائن پر موجود رہیں گے۔ جہلم ویلی کے عوام نے دہائیوں سے بھارتی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔ آج بھی یہاں کا بچہ بچہ کشمیر کی آزادی کیلئے دفاعی لائن پر پاک فوج کے شانہ بشانہ لڑنا چاہتا ہے۔

آج کے دن سیاسی وابستگی سے بالا تر ہو کر سب متحد ہیں۔ پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر بھارت کو سب سے زیادہ کھٹکتے ہیں۔ ہمارے اسلاف نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر اس خطے کو آزاد کرایا ہے اور ہم اس کی حفاظت کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے سے دریغ نہیں کریں گے۔یکجہتی کشمیر جلسے سے خطاب کرتے ہوئےصدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر شاہ غلام قادر نے کہا کہ لائن آف کنٹرول کے علاقوں کے عوام ایک ہی طرح کی صورتحال سے دوچار ہیں۔

ہندوستان نے اگر کوئی مس ایڈونچر کرنے کی کوشش کی تو پورے آزاد کشمیر کی عوام افواج پاکستان کے شانہ بشانہ بھارت کو دندان شکن جواب دیں گے۔ بھارت غلط فہمی میں نہ رہے اگر اس نے کوئی غلطی کی تو یہاں سے صرف اس کی لاشیں جائیں گی۔یکجہتی کشمیر جلسے میں سابق وزراء حکومت راجہ مشتاق منہاس، نورین عارف، بیرسٹر افتخار گیلانی، ڈاکٹر مصطفی بشیر اور مرتضی گیلانی نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے "یکجہتی کشمیر ” جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بھارت کی جانب سے خود ساختہ واقعہ پہلگام کوپاکستان کے ساتھ جوڑنے پر مودی کے غیر قانونی اقدامات کی شدید مذمت کی۔

انہوں نے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کا لائن آف کنٹرول کے علاقے چکوٹھی آمد پر شکریہ ادا کیا اور بھارت کی جانب سے جنگ مسلط کرنے کی صورت میں پاک فوج کے شانہ بشانہ بھارت کو ذلت آمیز شکست سے دوچار کرنے کا عزم بھی کیا۔ یکجہتی کشمیر جلسے میں مسلم لیگ ن کے ہزاروں کارکنان نے شرکت کی۔ اس موقع پر افواج پاکستان اور پاکستان کے حق میں نعرے بازی بھی کی گئی۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=590962

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں