لاہور۔2جولائی (اے پی پی):محکمہ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ، پنجاب کے زیر اہتمام بدھ کے روز اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت سیکرٹری لائیو سٹاک احمد عزیز تارڑ نے کی۔ اجلاس میں عالمی بینک کی اعلیٰ سطحی ٹیم نے شرکت کی جس کی نمائندگی اولیور ڈیورنڈ، ٹاسک ٹیم لیڈر نے کی۔اجلاس کا مقصد پنجاب میں لائیوسٹاک سیکٹر کی پائیدار ترقی، زراعت میں اس کے کردار اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔ اجلاس میں جانوروں کی پیداوار میں بہتری، ویٹرنری سہولیات میں اضافہ، ڈیجیٹلائزیشن، کسانوں کی تربیت اور گوشت و دودھ کی ویلیو چین میں وسعت جیسے اہم نکات زیر غور آئے۔سیکرٹری لائیو سٹاک نے کہا کہ لائیوسٹاک سیکٹر دیہی معیشت کی بنیاد ہے اور اس کی ترقی کے لیے تمام حکمت عملیوں میں فوڈ سکیورٹی اور کسان کی معاشی حالت کو بنیادی مرکز بنانا ناگزیر ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے فارمرز کو ترقیاتی منصوبوں کا حقیقی فائدہ پہنچنا چاہئے تاکہ غربت کے خاتمے اور غذائی خود کفالت کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔ورلڈ بینک ٹیم نے اجلاس میں "سمارٹ ڈی ایل آئیز کے موجودہ مرحلے کا جائزہ لیا اور آئندہ فیز کے لیے اپنی تجاویز پیش کیں۔ اولیور ڈیورنڈ نے اس بات پر زور دیا کہ ورلڈ بینک پنجاب حکومت کے مختلف محکموں کے ساتھ مل کر مشترکہ اور مربوط سمارٹ ڈی ایل آئیز تشکیل دے گا تاکہ ترقیاتی اثرات کو مربوط اور مؤثر بنایا جا سکے۔ورلڈ بینک ٹیم نے محکمہ لائیو سٹاک کی شفاف پالیسیوں، ڈیٹا بیسڈ اقدامات اور کسان دوست اپروچ کو سراہتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔اجلاس کے اختتام پر سیکرٹری لائیوسٹاک نے عالمی بینک کے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ شراکت داری لائیوسٹاک سیکٹر کی جدید بنیادوں پر تعمیر اور دیہی ترقی کے خواب کی تعبیر میں اہم کردار ادا کرے گی۔