لانگ مارچ سے پورے ملک میں انتشار جیسی صورتحال پیدا ہوئی، عمران خان کو سوچنا ہوگا کہیں ملک دشمن ایجنڈا تو مکمل نہیں کر رہے، فرح عظیم شاہ

199

اسلام آباد۔6نومبر (اے پی پی):بلوچستان حکومت کی ترجمان فرح عظیم شاہ نے کہا ہے کہ لانگ مارچ سے پورے ملک میں انتشار جیسی صورتحال پیدا ہوئی، عمران خان کو سوچنا ہوگا کہ آپ کہیں ملک دشمن ایجنڈا تو مکمل نہیں کر رہے، ہمیں اتحاد سے آگے بڑھنا ہوگا، افواج پاکستان اور ادارے ہماری لائف لائن ہیں، سینئر فوجی افسران پر الزام تراشیوں سے دشمن خوش ہوتا ہے۔

اتوار کو بلوچستان ہائوس اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان باصلاحیت ملک ہے، لانگ مارچ جب سے شروع ہوا ہے ملک میں انتشار کی کیفیت ہے، آغاز میں ہی ایک خاتون صحافی جاں بحق ہوگئی اور پھر ہم نے دیکھا کہ ایک حملہ ہوتاہے اور سب اس واقعہ کی مذمت کرتے ہیں اور حملہ آور بھی موقع سے پکڑا جاتا ہے لیکن دوسری طرف سے الزام تراشیاں شروع ہوجاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں عزم سے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے تاکہ دشمن کی سازشیں ناکام ہوں اور ملک سے انتشار کی سیاست کا خاتمہ ہوسکے۔

فرح عظیم شاہ نے کہا کہ عمران خان کے کنٹینر پر حملے کے بعد جو بہتان شراشی شروع ہوئی اس سے قوم کی جگ ہنسائی ہوئی ہے اور دشمن خوش ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماریادارے اور افواج پاکستان ہماری لائف لائن ہیں، بہادر افواج پر الزام اور بہتان تراشی کرنا اور افسران کا نام لے کر الزام تراشیاں آپ کو زیب نہیں دیتیں۔ ایسے اقدامات سے ملک دشمن قوتوں کی سازشوں کو تقویت مل سکتی ہے۔ عمران خان کو سوچنا چاہئے کہ کہیں آپ کسی ایسی ملک دشمن سازش کاحصہ تو نہیں بن رہے۔ عمران خان صاحب ہم پاکستانی ہیں اور ہمیں پاکستان کی ترجمانی کرنی ہے نہ کہ پاکستان مخالف قوتوں کو تقویت دینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کو سوچنا ہوگا کہ آپ کہیں ملک دشمن ایجنڈے کا حصہ تو نہیں بن رہے۔

ملک کیلئے لازوال قربانیاں دینے والی سکیورٹی فورسز کے بارے سوچیں کہ ان کی مائوں، بہنوں پر کیا گزرتی ہوگی جب آپ ان پر الزام لگاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک سینئر افسر کا نام لیتے ہوئے آپ کو ذرا برابر شرم نہیں آتی۔ اب بھی وقت ہے کہ متحد ہوکر صرف پاکستان کے کے بارے سوچیں پاکستانی نوجوانوں سے بھی گزارش ہے کہ سوشل میڈیا پر سوچ سمجھ کر بات کریں۔ ہم نبیﷺ کے نام لیوا ہیں ، ان کی تعلیمات پر عمل کریں، قرآن کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جو وزیراعظم نے جوڈیشل کمیشن کی بھی بات کی ہے امید ہے حقائق سامنے آجائیں گے لیکن ہمیں اپنی ذات کی نفی کرکے ملک کیلئے سوچتے ہوئے آگے بڑھنا ہوگا۔