لاڑکانہ۔2مئی (اے پی پی):شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ کی جانب سے تیسرا ریسرچ پوسٹر مقابلہ پروفیسر ڈاکٹر میر حسن کھوسو، ڈائریکٹراو آر آئی سی ، کی نگرانی میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نصرت شاہ کی قیادت میں ایڈمنسٹریشن بلاک آریجا میں منعقد کیا گیا۔
تقریب کا باقاعدہ افتتاح پروفیسر ڈاکٹر نصرت شاہ نے کیا۔ پوسٹر مقابلے کے معزز ججز میں ڈاکٹر زاہدہ ابڑو، ڈاکٹر بلال عظمیٰ (ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈی یو ایچ ایس)، ڈاکٹر مہتاب عالم (ایسوسی ایٹ پروفیسر کراچی یونیورسٹی)، اور پروفیسر ضمیر سومرو (پرنسپل چانڈکا میڈیکل کالج) شامل تھے۔مقابلے میں تقریباً 100 ریسرچ پوسٹر پیش کیے گئے، جن میں چانڈکا میڈیکل کالج لاڑکانہ، بی بی آصفہ ڈینٹل کالج، انسٹیٹیوٹ آف فارمیسی، غلام محمد مہر میڈیکل کالج سکھر اورآئی پی آر ایس لاڑکانہ کے انڈرگریجویٹ طلبہ شامل تھے۔
اس کے علاوہ ایس ایم بی بی ایم یو لاڑکانہ کی فیکلٹی ممبران اور پوسٹ گریجویٹ اسکالرز کی جانب سے بھی تقریباً 8 ریسرچ پوسٹر پیش کیے گئے۔تقریب کے افتتاحی خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر نصرت شاہ نے طلبہ کی پرجوش شرکت کو سراہا۔ انہوں نے علمی ترقی میں تحقیق کی اہمیت پر زور دیا اور یونیورسٹی کی جانب سے فیکلٹی اور طلبہ کے ریسرچ منصوبوں کی معاونت اور ان کے تحقیقی مقالوں کی ملکی و غیر ملکی جرائد میں اشاعت کرانے کا وعدہ کیا۔ انہوں نے ڈائریکٹر او آر آئی سی اور ان کی ٹیم کی بھی تعریف کی، جنہوں نے اس تقریب کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور محنت کی۔پروفیسر ڈاکٹر میر حسن کھوسو نے مہمانوں، ججز اور تمام شرکاءکو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہا اور تقریب کی کامیابی میں ان کی اہمیت اور کردار کو سراہا۔
اس تحقیقی نمائش میں ڈائریکٹر اکیڈمک پروفیسر شاہد حسین سومرو، پروفیسر قائم الدین شیخ، پروفیسر غلام عباس پنہور، پروفیسر وسیم عباس اور ڈاکٹر مکیش کمار سمیت بڑی تعداد میں فیکلٹی، افسران اور طلبہ نے شرکت کی۔اعلیٰ کارکردگی کے اعتراف کے طور پر وائس چانسلر کی جانب سے 11 بہترین ریسرچ پوسٹرز کو فی پوسٹر 10,000 روپے نقد انعام اور سرٹیفکیٹ دیئے گئے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=591435