لاڑکانہ،پولیس کا سرچ و کومبنگ آپریشن،سات ملزمان گرفتار

24
لاڑکانہ،پولیس کا سرچ و کومبنگ آپریشن،سات ملزمان گرفتار

لاڑکانہ۔8جون (اے پی پی):ایس ایس پی لاڑکانہ احمد چوہدری کی جانب سے جاری کردہ ہدایات و احکامات پر لاڑکانہ پولیس کا سرچ و کومبنگ آپریشن جرائم پیشہ افراد کو قانون کی گرفت میں لانے کے لیے ضلع بھر میں سخت سنیپ چیکنگ کا عمل بھی جاری ہے۔مختلف مقامات سے سات ملزمان گرفتار کر لئے گئے۔ گرفتار ملزمان سے ایک عدد ہینڈ گرنیڈ،دو عدد 9 ایم ایم پسٹل اور چھینی جانے والی موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی۔

پولیس کے مطابق تھانہ دڑی کی حدود سے روپوش ملزم ساحل ابڑو کو ہینڈ گرنیڈ اور 9 ایم ایم پسٹل سمیت گرفتار کر کے دہشت گردی،ایکسپلوزو اور سندھ آرمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔دوسری جانب تھانہ دڑی کی حدود میں ایک اور کامیاب کارروائی کے دوران روپوش ملزم منیر عرف منو سولنگی کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔تھانہ سچل کی حدود سے جرائم پیشہ اعظم چانڈیو کو 9 ایم ایم پسٹل سمیت گرفتار کر لیا گیا ہے۔

تھانہ شہید ڈی ایس پی عبدالمالک بھٹو کی حدود سے دو مطلوب ملزمان عبدالقیوم جتوئی اور ابصار لاڑ کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ تھانہ ڈوکری کی حدود سے گٹکا سیلر ممتاز عرف منان کو گٹکوں سمیت گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا گیا۔تھانہ رحمت پور کی حدود سے مرڈر کیس میں ملوث ملزم کامران جاگرانی 24 گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا گیا ۔ گرفتار ملزمان سے تفتیش سمیت مزید قانونی و ضابطے کی کارروائیاں جاری ہیں۔