لاہور۔18جون (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر ( ڈی سی )لاہور نے نہر کنارے ریسکیو کے حفاظتی گارڈ تعینات کر دئیے ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس عمر مقبول کو تیراکی حفاظتی گارڈ کیمپ سائٹس کا انچارج مقرر کر دیا۔ڈی سی رافعہ حیدر نے میڈیا کو بتایا کہ سپیشل تیراکی حفاظتی گارڈز ٹھوکر نیاز سے جلو موڑ تک نہر پر پٹرولنگ کر رہے ہیں۔ حفاظتی کیمپ جلو موڑ، ہربنس پورہ، مسلم ٹاون موڑ اور ٹھوکر نیاز بیگ پر قائم کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عید اور تہواروں پر شہری بالخصوص بچے نہر میں نہانے کی کوشش کرتے ہیں۔ گزشتہ روز نہر میں نہانے کی کوشش کرنے والے دس افراد کو گرفتار کیا گیا۔رافعہ حیدر نے کہا کہ نہر میں نہانے پر پابندی ہے حفاظتی گارڈ شہریوں کو نہانے سے روکنے کے ساتھ حفاظتی ڈیوٹی بھی دیں گے۔ ڈی سی نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب نے نہر پر خصوصی حفاظتی انتظامات کی ہدایت کی تھی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=477363