لاہور۔10مئی (اے پی پی):پاکستان کی پرنٹنگ، پیکیجنگ اور گرافک آرٹس انڈسٹری کی سب سے بڑی تقریب، 14ویں پرنٹ پیک نمائش و کانفرنس، 13 تا 15 نومبرکو لاہور ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوگی۔ اس کا اعلان لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ ایک اعلی سطح کے نیٹ ورکنگ سیشن اور پری لانچ تقریب میں کیا گیا جس میں صنعت کے ممتاز ماہرین، تجارتی تنظیموں اور کاروباری رہنماو ں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔چیئرمین پرنٹ پیک سعد حلیم نے نمائش کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایونٹ ملک کی پرنٹنگ اور پیکیجنگ صنعت کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ تقریب سے لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوزر شاد، سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان، نائب صدر شاہد نذیر چوہدری، سابق نائب صدر فہیم الرحمن سہگل، چیئرمین بی ٹو بی میڈیا معظم رشید، چیئرمین پاکستان ایسوسی ایشن آف پرنٹنگ اینڈ گرافک آرٹس انڈسٹری طارق فضلی اور سینئر وائس چیئرمین فراز احمد نے بھی خطاب کیا۔
مقررین نے کہا کہ پرنٹنگ اور پیکیجنگ انڈسٹری نہ صرف پیداواری عمل کا بنیادی جزو ہے بلکہ یہ برآمدات کو فروغ دینے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے حصول کا مو ثر ذریعہ بھی ہے۔ پرنٹ پیک نمائش میں ملکی و غیر ملکی شرکت متوقع ہے جو نہ صرف صنعتی ترقی کو فروغ دے گی بلکہ جدید ٹیکنالوجیز کے تعارف اور پاکستانی کاروباروں کے لیے نئے مواقع کے در بھی کھولے گی۔لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوزر شاد نے کہا کہ چیمبر ہمیشہ ایسی سرگرمیوں کی سرپرستی کرتا ہے جو صنعت و تجارت کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کریں، روابط بڑھائیں اور ترقی کی نئی راہیں کھولیں۔ پرنٹ پیک صنعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ایک نمایاں کوشش ہے۔چیئرمین بی ٹو بی میڈیا معظم رشید نے نمائش کے حجم اور امکانات پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ اس بار نمائش میں 300 سے زائد مقامی و بین الاقوامی ادارے شریک ہوں گے، جن میں پاکستان، چین، جرمنی، ترکی
متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک کے سرکردہ مینوفیکچررز، ٹیکنالوجی فراہم کنندگان اور سروس کمپنیاں شامل ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ یہ تین روزہ نمائش آفسیٹ پرنٹنگ، ڈیجیٹل پرنٹنگ، فلیکس ایبل پیکیجنگ، لیبلنگ، کنورٹنگ ٹیکنالوجی، پری پریس آلات، روشنائی، کاغذ اور دیگر متعلقہ اشیاکی جدید ترین جہتوں کو اجاگر کرے گی۔معظم رشید نے مزید کہا کہ یہ نمائش صرف مصنوعات کی نمائش نہیں بلکہ ایک مکمل کاروباری ترقی اور نیٹ ورکنگ پلیٹ فارم ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ بی ٹو بی ملاقاتیں، سرمایہ کاری نشستیں اور لائیو ڈیموسٹریشنز بھی نمائش کا حصہ ہوں گی۔چیئرمین پی اے پی جی اے آئی طارق فضلی اور سینئر وائس چیئرمین فراز احمد نے منتظمین، لاہور چیمبر اور بی ٹو بی کی کوششوں کو سراہا اور صنعت سے وابستہ تمام افراد پر زور دیا کہ وہ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں، اپنی مصنوعات کو روشناس کروائیں اور نئے اسٹریٹجک اتحاد قائم کریں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=595275