اسلام آباد ۔ 19 جنوری (اے پی پی) لاہور سمیت پنجاب کے کئی علاقوں میں شدید دھند کے باعث قومی شاہراہ پر حد نگاہ انتہائی کم ہو گئی۔نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں موٹروے ترجمان نے بتایا کہ شدید دھند کے باعث موٹروے ایم۔ 2 لاہور سے خانقاہ ڈوگراں،موٹروے ایم۔ 3لاہور سے درخانہ، ایم۔3 گوجرہ سے شام کوٹ سمیت موٹروے کے متعدد سیکشن عارضی طور پر بند کر دیئے گئے ہیں۔ قومی شاہراہ پر ٹھوکر ، موہلنوال، مانگا منڈی ، پھولنگر، جمبر، پتوکی، رینالہ خورد، اوکاڑہ، ساہیوال، ہڑپہ ، میر داد مافی، چونیاں، چیچہ وطنی،کسوال، اقبال نگر اور ملحقہ علاقے شدید دھند کے لپیٹ میں ہیں جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاژر ہو رہی ہے۔ موٹر وے پولیس نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ قومی شاہراہوں پر پھیلی دھند کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے اجتناب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تیز رفتاری سے گریز کرتے ہوئے اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھا جائے۔ انہوں نے کہاکہ شہری سفر سے قبل معلومات کےلئے ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں۔