لاہور۔12مئی (اے پی پی):لاہور ضلعی انتظامیہ کی موثر حکمت عملی اور ڈپٹی کمشنر سید موسی رضا کی ہدایات پر عمل درآمد کے نتیجے میں شہر میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی اور استحکام دیکھنے میں آ رہا ہے۔اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں مسلسل متحرک ہیں اور ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
ترجمان ضلعی انتظامیہ کیمطابق حالیہ دنوں میں سنگین خلاف ورزیوں پر ایک لاکھ روپے کے چالان کیے گئے جبکہ 6 مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں۔ضلعی انتظامیہ کی کارروائیوں کے باعث بھنڈی اور لوکی سمیت متعدد سبزیوں کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔ آلو، پیاز اور ٹماٹر کی قیمتیں بھی مستحکم ہو چکی ہیں۔ پھلوں میں کیلا، آڑو اور آم کی قیمتوں میں کمی، جبکہ سیب، انار، آلو بخارا، کھجور اور خربوزہ کی قیمتوں میں استحکام دیکھا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ شہریوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔شہری ناجائز منافع خوری یا دیگر مسائل کی شکایات ضلعی کنٹرول روم نمبر 0307-0002345 پر درج کرا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ شہری سوشل میڈیا کے ذریعے بھی ڈپٹی کمشنر سے براہ راست رابطہ کر سکتے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=596031