33.2 C
Islamabad
منگل, اپریل 22, 2025
ہومعلاقائی خبریںلاہور میں پولیو مہم کے پہلے روز 3 لاکھ 48 ہزار بچوں...

لاہور میں پولیو مہم کے پہلے روز 3 لاکھ 48 ہزار بچوں کو قطرے پلائے گئے،ضلعی انتظامیہ

- Advertisement -

لاہور۔22اپریل (اے پی پی):لاہور میں انسداد پولیو مہم کے پہلے روز 3 لاکھ 48 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلائے گئے۔ضلعی انتظامیہ لاہور کے مطابق 7روزہ مہم کے دوران 2.2 ملین بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔انسداد پولیو مہم کے پہلے روز ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا اور وزیر صحت پنجاب خواجہ عمران نذیر کی مشترکہ صدارت میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مہم کے انتظامات اور اہداف کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں پولیو ٹیموں کے مائیکرو پلان، روٹ میپ، کولڈ چین کی دیکھ بھال اور ویکسین کیریئرز کی درست ترتیب پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ5سال سے کم عمر کا کوئی بھی بچہ پولیو مہم سے محروم نہ رہنے پائے۔ اس سلسلے میں گھروں کی نشاندہی اور بچوں کی انگلیوں پر نشان لگانا لازمی قرار دیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ موبائل ایپ کے ذریعے ڈیٹا کی بروقت اور درست فیڈنگ کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔

- Advertisement -

ڈپٹی کمشنر لاہور نے انسداد پولیو مہم میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ مہمانوں اور سفر کرنے والے بچوں کو بھی مہم میں شامل کیا جائے۔ اجلاس میں وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے متعلقہ محکموں کو مل کر کام کرنے اور فیلڈ میں اسسٹنٹ کمشنرز کی نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔دونوں اعلی افسران نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں تاکہ ہر بچہ محفوظ اور صحت مند مستقبل کی جانب گامزن ہو سکے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=585749

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں