لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا سمو گ کے دوران دفاتر میں دو کی بجائے صرف ایک چھٹی کا کرنے کا مطالبہ

121

لاہور۔9دسمبر (اے پی پی):لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے حکومت پر زور دیا ہے کہ سمو گ کے دوران دفاتر میں دو کی بجائے صرف ایک چھٹی کا اعلان کرے ۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور ، سینئر نائب صدر چودھری ظفر اقبال اور نائب صدر عدنان خالد بٹ نے کہا کہ صرف نجی شعبے اور اسکولوں کے لیے دو چھٹیاں سموگ سے نمٹنے میں کوئی مدد نہیں دیں گی، جہاں تاجر برادری سموگ اور فضائی آلودگی کو کم کرنے کے لیے حکومت کی کوششوں کی حمایت کرتی ہے، وہیں وہ حکومت سے یہ بھی اپیل کرتی ہے کہ صرف نجی شعبے کے دفاتر کو بند نہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت تمام نجی و سرکاری اداروں میں دو کے بجائے صرف ایک چھٹی کرے، دوسرا مارکیٹوں کے اوقات کار رات آٹھ بجے تک کردئیے جائیں تاکہ لوگوں کو معمولات زندگی کے لیے دن کی روشنی سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری و پرائیویٹ دفاتر کو ہفتہ اور اتوار کے روز بند رکھنے کے ساتھ ساتھ اوقات کار بھی کم کیے جائیں جیسا کہ کورونامیں کیے گئے تھے ۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے تمام طبقات ہائے فکر پر زور دیا کہ وہ آزمائش کے اس وقت میں ریاست کی مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ سموگ کی وجہ سے صحت کے مسائل بھی سامنے آرہے ہیں جس کی وجہ سے شعبہ صحت اور ریاست پر دبا ئوپڑ رہا ہے۔