لاہور چیمبر آف کامرس کے رہنماﺅں کی وفاقی بجٹ پر پریس کانفرنس

155

لاہور۔12 جون (اے پی پی ) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے وفاقی حکومت کی جانب سے ٹیکس فری بجٹ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تجارتی خسارے اور کرنٹ اکا¶نٹ خسارے میں کمی، اسٹیٹ بینک سے قرضہ نہ لینا اچھا اقدام ہے، چھوٹے دکانداروں کےلئے 52 ارب کا پیکیج بہترین ہے ،احساس پروگرام کی رقم بڑھانا اور توانائی کے شعبے میں ریلیف اچھا اقدام ہے، کورونہ وائرس کے حوالے سے بہتر اقدامات کئے گئے، سگریٹ پر ڈیوٹیوں میں اضافہ خوش آئند ہے۔ وفاقی بجٹ تقریر کے بعد لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ نے سینئر نائب صدر علی حسام اصغر اور نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کروناوائرس سے پیداشدہ صورتحال کے تناظر میں حکومت نے ٹیکس فری بجٹ پےش کرنے کے ساتھ ساتھ عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کےلئے بھی کئی اچھے اقدامات اٹھائے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے دکانداروں کے لئے 52 ارب کا ریلیف پیکیج بہترین ہے، انہوں نے کہا کہ سیمنٹ انڈسٹری کو ریلیف دیا گیا ہے جس سے تعمیراتی صنعت میں روزگار کے مواقع پیدا ہونگے، ڈیلرز اور ان کی سب برانچز کو ابتداءمیں ٹیکس ریلیف دینا چاہئیے، موٹر سائیکل پر عائد ٹیکس میں کمی سے عوام کو ریلیف ملے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ خام مال پر کسٹم ڈیوٹی میں کمی، ٹیرف ریشنلائزیشن ، مینوفیکچررز کی طرف سے خام مال اور مشینری کی درآمد پر کسٹمز ڈیوٹیوں کا خاتمہ اچھے اقدامات ہیں۔ رہنماﺅںنے کہا کہ سمگلنگ کے لیے کشش رکھنے والی مصنوعات پر ریگولیٹری ڈیوٹی کا خاتمہ بھی اچھے اقدامات ہیں۔ رہنماﺅں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے کاروباری حالات دگرگوں ہیں، ان حالات میں تعمیراتی شعبے کو مزید مراعات دینے کی ضرورت ہے، جی ڈی پی گروتھ کا نیا ہدف حاصل کرنے کے لئے اضافی اقدامات کئے جانے چاہئیں، موسمیاتی تبدیلی پر بجٹ مختص کرنا اچھا اقدام ہے،زرعی شعبے کو بہت زیادہ فنڈز دینے کی ضرورت ہے۔