25.5 C
Islamabad
منگل, مئی 13, 2025
ہومتجارتی خبریںلاہور چیمبر کی افواجِ پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ریلی

لاہور چیمبر کی افواجِ پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ریلی

- Advertisement -

لاہور۔12مئی (اے پی پی):لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے افواجِ پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ایک عظیم الشان اور پرجوش ریلی نکالی گئی جس میں لاہور بھر سے ہزاروں تاجروں نے شرکت کی اور افواج پاکستان کی جانب سے دشمن کو جارحیت بے مثال جواب دینے پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔ ریلی کی قیادت لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد نے کی جبکہ سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان اور نائب صدر شاہد نذیر چوہدری بھی ان کے ہمراہ شریک ہوئے۔ شرکانے قومی پرچم اٹھا رکھے تھے اور "پاکستان زندہ باد” اور "پاک فوج زندہ باد” جیسے فلک شگاف نعروں سے فضا گونجتی رہی جس سے اتحاد، حب الوطنی اور جوش و جذبے کا بے مثال منظر دیکھنے میں آیا۔

اس موقع پر صدر لاہور چیمبر میاں ابوذر شاد نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے جس جرات، مہارت اور پیشہ ورانہ انداز سے دشمن کے غرور کو خاک میں ملایا ہے، وہ تاریخ کا سنہری باب بن چکا ہے۔ان کے مطابق اس عظیم کارنامے نے نہ صرف قومی وقار کو بلند کیا ہے بلکہ پوری قوم کے حوصلے بھی بلند کئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ تاجر برادری نہ صرف افواجِ پاکستان کی قربانیوں کی قدر کرتی ہے بلکہ ملک میں امن، استحکام اور خود مختاری کے قیام میں ان کے کلیدی کردار کو بھی تسلیم کرتی ہے۔آج کی یہ ریلی اس بات کا ثبوت ہے کہ تاجر برادری اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔ سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان نے کہا کہ قوم کو اپنی افواج پر فخر ہے اور آج ہر پاکستانی پہلے سے زیادہ محفوظ اور پر اعتماد محسوس کر رہا ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ تاجر برادری وطن کے ان محافظوں کی بھرپور حمایت کرتی ہے اور ہم سب ایک چٹان کی طرح متحد ہیں۔نائب صدر شاہد نذیر چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ افواجِ پاکستان نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان کو کمزور سمجھنے کی غلطی کوئی نہ کرےان کی بر وقت اور منہ توڑ کارروائی نے دنیا کو واضح پیغام دیا ہے اور ہم ان کے حوصلے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ریلی کے شرکانے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان کے قومی مفادات، معاشی خودمختاری اور جغرافیائی سالمیت کے تحفظ کیلئے ہر سطح پر کردار ادا کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی اور اقتصادی ترقی کا تعلق ایک مضبوط اور باوقار دفاعی نظام سے جڑا ہوا ہے۔ریلی کا اختتام شہداکے لیے دعاو ں، افواجِ پاکستان کی مسلسل کامیابی، اور ملک کی ترقی و استحکام کی دعا کے ساتھ ہوا۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=596185

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں