لاہور ہائیکورٹ کے سینئرترین جج جسٹس مامون رشید شیخ نے بطور چیف جسٹس حلف اٹھا لیا

165

لاہور۔یکم جنوری(اے پی پی ) لاہور ہائیکورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس مامون رشید شیخ نے بطور چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ حلف اٹھا لیا۔منگل کو چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سردار محمد شمیم خان کی ریٹائرڈ منٹ کے بعد بدھ کے روزلاہور ہائیکورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس مامون رشید شیخ نے عدالت عالیہ لاہور کے 49 ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے عہدے کا حلف اٹھایا۔گورنر ہاو¿س لاہور کے دربار ہال میں منعقدہ سادہ و پروقار تقریب میں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے چیف جسٹس مامون رشید شیخ سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار بھی موجود تھے، تقریب میں لاہور ہائی کورٹ کے سینیئر جج جسٹس محمد قاسم خان، جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی، جسٹس محمد امیر بھٹی سمیت عدالت عالیہ لاہور کے دیگر فاضل ججز، سابق چیف جسٹس وفاقی شرعی عدالت جسٹس ریٹائرڈ نجم الحسن، سابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس ریٹائرڈ اقبال حمید الرحمان، سابق چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس ریٹائرڈ محمد یاور علی، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی، صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، اٹارنی جنرل پاکستان، رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ عبدالستار، ڈی جی ڈسٹرکٹ جوڈیشری اشترعباس، وفاقی و صوبائی لاء افسران، سیکرٹری قانون، چیف سیکرٹری پنجاب، انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب، پاکستان و پنجاب بار کونسل کے ممبران، لاہور ہائی کورٹ و لاہور بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور وکلاء رہنماو¿ں سمیت صوبائی حکومت اور لاہور ہائی کورٹ کے افسران کے علاوہ جسٹس مامون رشید شیخ کے عزیز و اقارب اور دوست احباب بھی شریک ہوئے۔حلف برداری کے بعد لاہور ہائی کورٹ پہنچنے پر چیف جسٹس مامون رشید شیخ کا پرتپاک استقبال کیا گیا، رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ عبدالستار، ڈی جی ڈسٹرکٹ جوڈیشری اشترعباس اور سیشن جج ہیومن ریسورس ساجد علی اعوان اور سینئر ایڈیشنل رجسٹرار ڈاکٹر عبدالناصر نے ہائی کورٹ کے دیگر افسران و سٹاف کے ہمراہ فاضل چیف جسٹس کو گلدستہ جبکہ پولیس کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔بعدازاں چیف جسٹس مامون رشید شیخ نے ججز لاو¿نج میں لاہور ہائی کورٹ کے جج صاحبان سے ملاقات کی، فاضل ججز نے چیف جسٹس مامون رشید شیخ کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔