لاہور۔18دسمبر (اے پی پی):ایف آئی اے این سی بی انٹرپول نے کارروائی کے دوران قتل، اقدام قتل و ڈکیتی کے مقدمات میں مطلوب 6 خطرناک اشتہاری ملزمان یو اے ای سے گرفتار کرلئے
ملزمان کو یو اے ای سے گرفتار کر کے لاہور ایئرپورٹ منتقل کر دیا گیا۔ترجمان ایف آئی اے کےمطابق گرفتار ملزمان میں بابر وسیم، تاج رسول ، عبد الحسیب خان، قیصر محمود ، ندیم افضل اور محمد ذیشان شامل ہیں۔
ملزم بابر وسیم اور ملزم عبد الحسیب2022 سے جبکہ قیصر صادق2014 سے گوجرانوالہ پولیس کو مطلوب تھے۔
ملزم بابر وسیم کے خلاف تھانہ کینٹ ،عبدالحسیب کے خلاف تھانہ سول لائنز جبکہ ملزم قیصر محمود کے خلاف تھانہ کامونکی گجرانوالہ میں مقدمہ درج ہوا تھا۔ملزم ندیم افضل تھانہ کنجھ، گجرات کو 2021 سے مطلوب تھا۔
ملزمان قتل، اقدام قتل اور ڈکیتی کے مقدمے میں مطلوب تھے ۔ملزم تاج رسول کے خلاف2021 میں تھانہ جامپور ضلع راجن پور میں مقدمہ درج ہوا تھاجبکہ ملزم ذیشان کے خلاف2014 سے تھانہ دہلی گیٹ ملتان میں قتل کا مقدمہ درج تھا۔
ملزمان قتل کر کے بیرون ملک فرار ہو گئے تھے۔ایف آئی اے این سی بی انٹرپول نے ملزمان کی گرفتاری کے لئے ریڈ نوٹسز جاری کئے تھے
ملزمان کو بعد ازاں ایف آئی اے امیگریشن لاہور نے پنجاب پولیس حکام کے حوالے کر دیا۔ملزمان کی حوالگی انٹرپول اسلام آباد کی انٹرپول ابوظہبی کے ساتھ قریبی رابطہ کاری کی وجہ سے ممکن ہوئی ۔
جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ این سی بی انٹرپول 24/7 پوری دنیا کے ساتھ رابطے میں ہے۔ملزمان کی گرفتاری کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائےجا رہا ہیں