لاہور،لکشمی چوک میں بٹ کڑاہی تکہ کا مالک بجلی چوری کرنے پر گرفتار

117

لاہور۔27نومبر (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر قیادت ریجن بھرمیں انسداد بجلی چوری مہم جاری ہے۔ ترجمان کے مطابق اس سلسلے میں میکلوڈ روڈ ڈویژن کے حکام نے لکشمی چوک میں آپریشن کیا، دوران آپریشن بٹ کڑاہی تکہ نامی دکان کا مالک بجلی چوری میں ملوث پایا گیا،

ملزمان لیسکو کی ٹرانسمیشن لائن سے کنڈا لگا کر بجلی چوری کر رہے تھے، چوری کی بجلی سے 3 اے سی چلائے جا رہے تھے جبکہ 7 فلیٹس کو بھی چوری کی بجلی سپلائی کی جارہی تھی۔ لیسکو حکام نے غیر قانونی کنکشن کو منقطع کرکے ملزم کے خلاف متعلقہ تھانے میں مقدمہ درج کرادیا ہے جبکہ ملزم کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ملزم کو ڈٹیکشن بل کی مد میں 15ہزار524 یونٹس چارج کیے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ بٹ کڑاہی تکہ کے مالکان کو چند روز قبل بھی بجلی چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا تھا، جس پر ملزم کے خلاف پہلے بھی مقدمہ درج ہے۔