لاہورفوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں، مضر صحت گوشت فروخت کرنے پر11مقدمات درج،61لاکھ روپے سے زائدجرمانے

87
ڈیرہ غازی خان میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، 90کلوگرام مضرصحت گوشت تلف

لاہور۔4نومبر (اے پی پی):بیمار،لاغر، ناقص گوشت فروخت کرنے والوں کی ہر گھنائونی شازش ناکام بنانے کے لیے ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے حکم پر فوڈ سیفٹی ٹیموں کی بھرپور کارروائیاں کر کے جعلسازوں کو ٹف ٹائم دیا جا رہا ہے۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر گزشتہ ماہ 8 ہزار 773 میٹ شاپس، گودام اور میٹ سپلائر گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران مضر صحت گوشت فروخت کرنے پر13 میٹ شاپس وگودام بند کر کے 11مقدمات درج کروا کے 756کو 61لاکھ 24 ہزار روپے کے جرمانے عائد کر دیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق 19لاکھ 40 ہزار کلو سے زائد گوشت اور مرغیوں کی چیکنگ کے دوران 23ہزار 380کلو ناقص گوشت تلف کیا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ گوشت کے گڑھ ٹولنٹن مارکیٹ اور صوبہ بھر میں میٹ شاپس اور سپلائرز کی روزانہ کی بنیاد پر بھی چیکنگ کی جا رہی ہے۔ بیمار جانوروں اور ایکسپائر گوشت فروخت کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی گئی۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ میٹ سیفٹی ٹاسک فورس کی روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ سے گوشت کے معیار میں بہتری آئی ہے۔ مضر صحت گوشت کا کھانے میں استعمال موذی امراض کا باعث بن سکتا ہے۔ لاہور سمیت پنجاب کے تمام اضلاع میں دودھ اور گوشت کے معیار پر زیرو ٹالرنس پالیسی ہے۔ناقص خوراک فروخت کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔