لاہورمیں تجاوزات کے خاتمے کیلئے سخت کریک ڈائون کا فیصلہ،وزیراعلی پنجاب نے انسدادتجاوزات آپریشن کی منظوری دے دی

118
Mohsin Naqvi

لاہور۔17دسمبر (اے پی پی):لاہو رمیں تجاوزات کے خاتمے کے لئے سخت کریک ڈائون کا فیصلہ کیاگیاہے،رضا کارانہ طورپر تجاوزات ختم کرنے کے لئے 48گھنٹے کی مہلت دی گئی ہے جبکہ 19دسمبر بروز منگل سے باضابطہ آپریشن شروع ہوگا۔وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے تجاوزات قائم کرنے پر گرفتاری اور مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔

انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر او رایس پی حضرات کو متعلقہ علاقوں میں آپریشن کی تیاری کی ہدایت کی اورکہا کہ انسداد تجاوزات مہم میں کوئی نرمی اور رعایت نہیں ہوگی، سختی کرنی پڑی تو کریں گے۔ 48 گھنٹے کی مہلت کے بعد لاہور میں تجاوزات کے خاتمے کے لئے کریک ڈائون شروع ہو جائے گا۔

وزیراعلی نے کہاکہ ٹریفک کی آمدورفت میں رکاوٹ دور کرنے کے لئے تجاوزات کا خاتمہ ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ بیشتر مقامات پر تجاوزات ہی ٹریفک جام کا باعث ہیں۔وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے خصوصی اجلاس میں انسداد تجاوزات کے آپریشن کی باضابطہ منظوری دے دی۔