ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کی ہفتہ وار بریفنگ

96

اسلام آباد ۔ 3 اکتوبر (اے پی پی) ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ پاکستان کی سفارتی کوششں کے نتیجہ میں تنازعہ کشمیر کی عالمگیریت نے بھارت کو عالمی سطح پر تنہا کر دیا ہے، مقبوضہ کشمیر کے عوام کے مصائب مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کیلئے مزید اقدامات بھی زیر غور ہیں، دوحہ میں طالبان پولیٹیکل کمیشن کے قیام کے بعد طالبان نے پہلی بار پاکستان کا دورہ کیا۔ جمعرات کو ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ سمیت دنیا کے ہر اہم فورم پر اجاگر کیا، پاکستان کی عالمی سطح پر سفارتی کوششوں کے نتیجہ میں تنازعہ کشمیر کی عالمگیریت نے بھارت کو عالمی سطح پر تنہا کر دیا ہے اور اس صورتحال سے نکلنے کیلئے نئی دہلی پر تمام دروازے بند کر دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مظلوم کشمیریوں کے مصائب مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کیلئے مزید اقدامات بھی زیر غور ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارتی قابض فورسز نے گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران 13 کشمیریوں کو شہید کیا، مزید ہلاکتوں کی بھی اطلاعات ہیں لیکن کر فیو کے باعث وادی سے صحیح تفیصلات نہیں مل رہیں۔ طالبان وفد کے دورہ پاکستان سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ یہ انتہائی حساس معاملہ ہے اور اس سلسلہ میں مزید تبصرے سے گریز کیا تاہم انہوں نے کہا کہ طالبان وفد نے امن مذاکرات کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا ہے۔ کشمیر سے متعلق سعودی مؤقف کے حوالہ سے ترجمان نے کہا کہ اس سلسلہ میں سعودی عرب کا مؤقف واضح ہے۔ او آئی سی رابطہ گروپ کا مشترکہ اعلامیہ کشمیر سے متعلق سعودی عرب اور امت مسلہ کے مؤقف کا عکاس ہے۔ منیر اکرم کی تعیناتی سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ ملیحہ لودھی اپنی مدت پوری کر چکی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ منیر اکرم فارن سروس کے معزز رکن رہے ہیں اور ان کی کامیابیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ ترجمان نے کہا کہ منیر اکرم جلد اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔