لبنان کے لیے متحدہ عرب امارات کا 23واں امدادی طیارہ بیروت پہنچ گیا

137
United Arab Emirates
United Arab Emirates

ابوظہبی۔21جنوری (اے پی پی):متحدہ عرب امارات کی جانب سے لبنان کے لئے 35 ٹن طبی سامان لے کر 23واں امدادی طیارہ بیروت پہنچ گیا۔امارات نیوز ایجنسی ’’وام‘‘ کے مطابق "یو اے ای لبنان کے ساتھ کھڑا ہے” مہم کے تحت یو اے ای کا 23واں امدادی طیارہ بیروت انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچ گیا، جس میں 35 ٹن طبی سامان شامل تھا۔ سامان میں جدید آلات، ہسپتالوں اور صحت مراکز میں ضروری طبی اشیاء شامل ہیں ۔

وام کے مطابق یہ امداد صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی ہدایات، نائب صدر، نائب وزیر اعظم اور صدارتی عدالت کے چیئرمین شیخ منصور بن زاید النہیان کی نگرانی، اور صدارتی عدالت کے ڈپٹی چیئرمین شیخ ذیاب بن محمد بن زاید النہیان کی رہنمائی میں فراہم کی گئی ہیں ۔

اماراتی بین الاقوامی امدادی ایجنسی کے نائب چیئرمین سلطان محمد الشامسی نے کہا ہے کہ یو اے ای لبنان کے عوام کو درپیش بحران کے اثرات کو کم کرنے کے لیے پرعزم ہے ،لبنان میں بحران کی شدت کے پیش نظر طبی سامان، آلات اور ضروری اشیاء کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ 23واں امدادی طیارہ لبنان کے عوام کے لیے ہوائی اور سمندری راستوں کے ذریعے امداد کی ایک طویل سلسلے کا حصہ ہے۔

یو اے ای نہ صرف لبنان بلکہ دنیا بھر میں تنازعات اور آفات سے متاثرہ اقوام اور عوام کی غیر محدود حمایت جاری رکھے گا۔ ہم لبنانی حکام اور بین الاقوامی اداروں سے مشاورت کے ساتھ ضرورت مندوں کو امداد فراہم کر رہے ہیں۔یہ مہم گزشتہ سال اکتوبر کے اوائل میں شروع کی گئی تھی اگرچہ مہم جنوری کے پہلے ہفتے میں ختم ہو چکی ہے، یو اے ای کی جانب سے امداد کا سلسلہ جاری ہے۔