لمپی سکن سے متاثرہ مویشیوں کا گوشت اور دودھ قابل استعمال ہے ،بیماری سے انسانوں کو کوئی خطرہ نہیں ہے،ماہرین

169
لمپی سکن سے متاثرہ مویشیوں کا گوشت اور دودھ قابل استعمال ہے ،بیماری سے انسانوں کو کوئی خطرہ نہیں ہے،ماہرین

اسلام آباد ۔24اگست (اے پی پی):لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ ماہرین نے کہاہے کہ لمپی سکن ڈیزیز انسانوں میں منتقل نہیں ہوتیں ، لمپی سکن سے متاثرہ مویشیوں کا گوشت اور دودھ قابل استعمال ہے ۔

ان خیالات کا اظہار لائیو سٹاک ماہرین نے ایڈیشنل ڈائریکٹرلائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ راولپنڈی ڈاکٹر نوید سحر کی ہدایت پر یونین کونسل چک جلال دین میں لمپی سکن کے حوالے سے فارمرز ڈے کے انعقاد پرکیا گیا ۔فارمرز ڈے میں ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم عباسی کے بھائی وجاہت قیوم عباسی ، چیرمین راجہ اظہر سمیت ڈیری فارمر حضرات کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

اس موقع پر محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ راولپنڈی ڈاکٹر نمرہ اور ویٹرنری اسسٹنٹ راجہ محسن علی نے فارمرز کو آگاہ کیا کہ لمپی اسکن ڈیزیز کے بارے میں افواہوں پر کان نہ دھریں کیونکہ لمپی سکن سے انسانوں کو کوئی خطرہ نہیں ہے ۔

انہوں نے کہاکہ محکمہ لائیو سٹاک راولپنڈی لمپی سکن کی روک تھام کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے اور اس ضمن میں مویشی پال حضرات کو آگاہی دینے کے ساتھ ساتھ لمپی اسکن سے متاثرہ جانوروں کے علاج معالجہ کے بارے میں بھی ٹھوس اقدامات جاری ہیں ۔