ہمبنٹوٹا۔۔3دسمبر (اے پی پی):لنکا پریمیئر لیگ 2020ءکے میچ میں جافنا سٹالینز نے گال گلیڈی ایٹرز کو 5وکٹوں سے شکست دے دی ‘ فرنینڈو کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا‘ گال گلیڈی ایٹرز کو مسلسل چوتھی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ جمعرات کو مہندا راجا پاکسے سٹیڈیم میں کھیلے گئے ایل پی ایل کے 9ویں میچ میں گال گلیڈی ایٹرز کے کپتان راجا پاکسے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ گلیڈی ایٹرز کے اوپنر گوناتھیلاکا نے اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 56 رنز بنائے جبکہ والٹن 31 ‘ احسن علی 29 اور اعظم خان 25 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ جافنا سٹالینز کے بولرونندو ڈی سلوا نے دو جبکہ عثمان شنواری‘ دھننجایا ڈی سلوا اور لکمال نے ایک ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔ اننگز کے اختتام پر گال گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنا سکی۔ گلیڈی ایٹرز کے ہدف کے تعاقب میں جافنا سٹالینز کے بلے بازوں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اویشکا فرنینڈو نے 5 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 84 رنز کی بہترین اننگز کھیلی جبکہ منود بھانوکا نے 40 رنز بنائے۔ جافنا سٹالینز نے 171 رنز کا ہدف آخر اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ جافنا سٹالینز کے اوپنر اویشکا فرنینڈو کو بہترین بیٹنگ کرنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ اس میچ کے بعد جافنا سٹالینز ایل پی ایل کے پوائنٹس لیبل پر چار میچوں میں ناقابل شکست رہتے ہوئے پہلے نمبر پر موجود ہے جبکہ گال گلیڈی ایٹرز مسلسل چوتھی شکست کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر ہیں۔