اسلام آباد۔7نومبر (اے پی پی):لوک میلے کا آج(اتوار) آخری روز ہے، تقسیم ِ ایوارڈ کی تقریب شام 7 بجے اوپن ایئر تھیٹر میں منعقد ہوگی جس میں لوک میلہ میں شریک ماہردستکاروں اور لوک فنکاروں کو اُن کے فن کی اعلیٰ کارکردگی پر نقد ایوارڈز سے نوازا جائے گا۔
گزشتہ کئی دنوں سے جاری اس قومی لوک میلہ میں تمام صوبوں کی ثقافت کو الگ الگ پویلینز کی شکل میں اُجاگر کیا گیا جس کی پذیرائی عام شہریوں کے علاوہ کئی ملکی و غیر ملکی سیاسی و حکومتی اعلیٰ شخصیات نے بھی شریک ہو کر کی۔
ایک بڑی تعداد میں جڑواں شہروں کے طلباء اور طالبات نے بھی میلے کا بھرپورلطف اُٹھایا۔ ڈھول کی تھاپ اور لوک گلوکاروں کے گیتوں پرسکول کے طلباء نے خوب رقص بھی کیا۔ قومی پریس اور الیکٹرانک میڈیا کے نمائندگان کی بھی بڑی تعداد میلہ کوریج کیلئے آتی رہی اور مختلف پویلیز میں بیٹھے ماہر دستکاروں سے اُن کی دستکاری اور ہنر سے متعلق معلومات حاصل کرتی رہی۔
بنیادی طورپراس میلہ کے انعقاد کا مقصد جہاں پاکستان کی لوک ثقافت اور فنون کا فروغ اور اُن سے وابستہ افراد کی حوصلہ افزائی کرنا ہے، وہاں وفاقی دارلحکومت کے شہر میں بسنے والے تمام ملکی و غیر ملکی اعلیٰ شخصیات کے توسط سے پوری دنیامیں پاکستانی رنگا رنگ خوبصورت قومی ثقافت کو روشناس کرانا بھی ہے۔ یہ میلہ گزشتہ کئی دہائیوں سے منعقد ہو رہا ہے اور اس کے انعقاد کا دستکاروں،فنکاروں کے علاوہ ہرمکتبہ فکر کے افرادکو سال بھر بڑی شدت سے انتظار رہتاہے۔
یہ میلہ لوگوں کو تفریح میسر کرنے کا باعث بھی بنتا ہے کیونکہ اس میں تمام علاقوں کی ثقافت کے رنگ ایک جگہ دکھائی دیتے ہیں خاص طور پر علاقائی ڈانس، لوک گیت اور لوک موسیقی سے لوگ خوب لطف اندوز ہوتے ہیں۔ لوک میلہ کے آخری روز(اتوار) کو میوزیکل نائٹ میں لوک ورثہ کی جانب سے محفل موسیقی منعقد ہوگی جس میں تمام صوبوں کے لوک فنکاروں کے علاوہ خصوصی طور پر حافظ آباد سے آئے ہوئے شوکت ڈھولی گروپ اور لاہور سے بلیو سیکس بینڈ اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ لوک میلہ آج اتوار رات10 بجے تک جاری رہے گا۔