31 C
Islamabad
ہفتہ, مئی 24, 2025
ہومقومی خبریںلوک ورثہ آرٹ گیلری میں تین روزہ نمائش" بُنیانً مرصُوص" کینوس کی...

لوک ورثہ آرٹ گیلری میں تین روزہ نمائش” بُنیانً مرصُوص” کینوس کی زبانی’ کا افتتاح

- Advertisement -

اسلام آباد۔23مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے لوک ورثہ آرٹ گیلری میں تین روزہ نمائش” بُنیانً مرصُوص” کینوس کی زبانی’ کا افتتاح کیا۔ تقریب میں وفاقی سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت اسد رحمان گیلانی نے بھی شرکت کی۔ یہ نمائش آرٹ کے ذریعے مسلح افواج کی بہادری اور جرات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے منعقد کی گئی ہے۔ نمائش میں ہنر مندوں کے ہاتھ سے بنے آئل پینٹ، پنسل اسکیچ، خطاطی، ٹرک آرٹ اورلکڑی کے کام کے فن پارے رکھے گئے ہیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی نے لوک ورثہ میں پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے نمائش کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہنر مندوں نے انتہائی عمدہ فن پارے تشکیل دے کر آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر اپنی پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔پاک فوج نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔بھارت نے رات کے اندھیرے میں ہم پر بزدلانہ حملہ کیا۔لیکن پاک فوج نے ان کو منہ توڑ جواب دیا جس پہ دشمن بھاگنے پر مجبور ہوا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دے کر عوام کی خواہشات کے مطابق فیصلہ کیا ہے۔جس پر قوم ان کی شکر گزار ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کے بعد پوری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند متحد ہے۔ ہمیں فخر ہے کہ لوک ورثہ نے اچھا کام کیا ہے کہ پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے نمائش منعقد کی ہے۔ ہم اپنے ہیروز پہ ایک دستاویزی فلم بھی بنائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ اچھی پینٹنگز بنانے والے آرٹسٹوں کو بھی ایوارڈ اور انعام دیا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت کو جنگ کے میدان میں شکست دینے کے بعد پوری قوم کا حوصلہ بڑھا ہے۔ اس تاریخی کامیابی کا سہرا مسلح افواج کو جاتا ہے اور ان کے کردار کو ہر جگہ سراہا جارہا ہے۔ہماری بہادر فوج نے بھارتی جارحیت کا نہ صرف بھرپور مقابلہ کیا بلکہ انھیں بھاگنے پر مجبور کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس بے مثال کامیابی پر سیاسی اور عسکری قیادت مبارکباد کی مستحق ہے۔واضح رھے کہ نمائش میں پاکستان کے قومی ہیروز کی تصاویر کے علاوہ ماہر ہنر مندوں کی پینٹنگز رکھی گئی ہیں ۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=600547

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں