اسلام آباد۔16فروری (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ لوکل باڈیز کی سطح پر مذاکرات انتہائی خوش آئند ہے اور خصوصاً رومینہ خورشید نے جس طرح اقدام اٹھایا یہ لائق تحسین ہے۔مل کر بیٹھنے سے 80 فیصد مشکلات ختم ہو جاتی ہے۔جب مشاورت کریں تو حل بھی نکل آتا ہے، یہی دین کا بھی پیغام ہے۔سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے ان خیالات کا اظہار ایس ڈی جیز کے زیر اہتمام منعقدہ پائیدار ترقی کے اہداف پر قومی مکالمہ کی پی آئی پی ایس اسلام آباد کی جمعرات کو منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ جب آپ مل کر ہی نہیں بیٹھیں گے تو مسائل حل نہیں ہونگے بلکہ مزید بگڑ جائیں گے، اجتماعی سوچ، اجتماعی دانش سے بڑے سے بڑے مسائل کا حل نکالا جاسکتا ہے۔ راجہ پرویز اشرف نےتقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسائل کا حل اوپر سے نیچے تک مکمل طور پر رابطہ کاری سے ہی ممکن ہے، جمہوریت کا مقصد پارلیمنٹ سے صوبائی اسمبلیاں، ڈسٹرکٹ کونسل اور یونین کونسل تک یہ فوائد پہنچنا چاہیئے، آج آپ نے آپس میں مشاورت کی ہوگی معلوم ہوا ہوگا کہ عام آدمی کے مسائل کیا ہیں۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ کسی بھی ملک کی تقدیر صرف اور صرف سیاسی ورکر ہی بدل سکتا ہے،ہر سوشل ورکر سیاسی ورکر کے قریب تر ہوتا ہے، دونوں میں بالکل تھوڑا سا فرق ہے، ہم جو کچھ بھی کریں اگر ہماری سوچ مثبت ہوگی تو ہم ترقی کریں گے۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ملک کا بجٹ بنانے میں سماجی ورکرز، سوشل ورکرز، لوکل باڈیز، صوبائی اسمبلیاں معاونت کرسکتی ہیں،یونین کونسل لیول کو زیادہ مضبوط بنانے کی ضرورت ہے کیونکہ جمہوری نظام کی مضبوطی کے لیے وہاں سے کام شروع کرنا ہوگا ،گائوں، دیہات، گلی محلوں اور عام آدمی کے مسائل یونین کونسل لیول سے ہی اجاگر ہوتے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=351638