طرابلس۔11مارچ (اے پی پی):لیبیا میں اقوام متحدہ کے امدادی مشن (یو این ایس ایم آئی ایل) نے لیبیا کے ایوان نمائندگان کی طرف سے نئی حکومت پر اعتماد کا اظہار کرنے کے اقدام کی تعریف کی ہے ۔
چینی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے امددای مشن نے گزشتہ روز اپنے ایک ٹویٹ میں ایوان نمائندگان کی طرف سے نئی حکومت کی منظوری دینے پر لیبیا کے عوام کو مبارک باد دی اور ملک اور عوام کے مفاد کے لیے ایوان نمائندگان، اس کی قیادت اور اراکین کے اتحاد کو سراہا ۔
یو این ایس ایم آئی ایل نے کہا کہ نئی حکومت پر اعتماد کرنے کے بعد لیبیا کے پاس اب متحد ہونے، استحکام ، خوشحالی اور بحالی اور خودمختاری کی بحالی کی طرف بڑھنے کے لیے ایک بہترین موقع ہے ۔ لیبیا کے وزیراعظم فائز سراج نے بھی نئی حکومت پر اعتماد کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
لیبیا کے ایوان نمائندگان میں گزشتہ روز نئی حکومت پر اعتماد کا ووٹ دیا گیا جس میں 132 اراکین کی اکثریت نے نئی حکومت پر اعتماد کا اظہار کیا۔