لندن۔ 1فروری (اے پی پی):لیسٹر شائر کا کائونٹی سیزن 2023 کے لئے بھارت کے مایہ ناز بلے باز اجنکیا رہانے کے ساتھ معاہدہ طے پاگیا۔لیسٹر شائر نے 2023 کے کائونٹی سیزن کے لئے بھارتی بلے باز اجنکیا رہانے کے ساتھ معاہدے کی تصدیق کر دی ہے ۔ 34سالہ اجنکیا رہانے نے 2019 میں ہیمپشائر کائونٹی کی نمائندگی کی تھی جس کے بعد اجنکیا رہانے کا کاؤنٹی کرکٹ میں یہ دوسرا دور ہوگا۔
اجنکیا رہانے کاؤنٹی چیمپئن شپ کے سیزن 2023 کے 8 میچز میں لیسٹر شائر کو دستیاب ہوں گے کیونکہ وہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل ) چنائی سپر کنگز کی نمائندگی کر تے ہیں جس کے اختتام کے بعد وہ کاؤنٹی میں شامل ہوں گے ۔ اجنکیا رہانے ون ڈے کپ کا پورا ایونٹ کھیلنے کے لیے بھی دستیاب ہوں گے بشرطیکہ وہ اس وقت قومی ٹیم کے ساتھ مصروف نہ ہوں ۔
اجنکیا رہانے نے کہا ہے کہ میں آنے والے کائونٹی سیزن کے لیے لیسٹر شائر میں شامل ہونے پر واقعی خوش ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنے نئے ساتھیوں کے ساتھ کھیلنے اور لیسٹر کی نمائندگی کے لئے بے تاب ہوں۔اجنکیا رہانے کو 82 ٹیسٹ،90 ایک روزہ اور 20 ٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچز میں بھارت کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے۔